شاہ فیصل کالونی میں مغوی طالب علم بازیاب اغوا کار فرار

اینٹی وائیلنٹ کرائم سیل اور سی پی ایل سی کی مشترکہ کارروائی، فیضان کی رہائی کیلیے2کروڑ کا تاوان طلب کیا گیا تھا


Staff Reporter April 19, 2013
اغوا کاروں نے مغوی نوجوان کو مکان کی بالائی منزل پر رسیوں سے باندھ کر رکھا ہوا تھا اور اسی وجہ سے نوجوان زخمی ہوا۔ فوٹو:فائل

اینٹی وائیلنٹ کرائم سیل اور سی پی ایل سی نے شاہ فیصل کالونی میں کارروائی کرتے ہوئے مغوی نوجوان طالب علم کو زخمی حالت میں بازیاب کرا لیا جبکہ اغوا کار فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

مغوی نوجوان کی رہائی کے لیے اغوا کاروں نے 2 کروڑ تاوان طلب کیا تھا، تفصیلات کے مطابق اینٹی وائیلنٹ کرائم سیل اور سی پی ایل سی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے شاہ فیصل کالونی گولڈن ٹاؤن میں واقع 2 منزلہ مکان پر چھاپہ مار کر مغوی نوجوان فرسٹ ایئر کے طالب علم17 سالہ فیضان حسن ولد راجہ فخر الحسن کو زخمی حالت میں بازیاب کرا لیا ہے۔

جبکہ اغوا کار پولیس کو آتے دیکھ کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ، زخمی حالت میں بازیاب کرائے جانے والے مغوی نوجوان کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ، ایس ایس پی نیاز کھوسو نے مغوی فیضان حسن کو 16اپریل شاہ فیصل کالونی کے علاقے گرین ٹاؤن میں گھر کے قریب سے اغوا کیا گیا تھا اور اغوا کاروں نے مغوی کے اہلخانہ سے2 کروڑ روپے تاوان طلب کیا تھا۔



تاہم بعد ازاں اغوا کار 50 لاکھ روپے تاوان لینے پر امادہ ہوگئے تھے، انھوں نے بتایا کہ جس مکان پر چھاپہ مارا کیا گیا وہ مکان ملزمان کے ملکیت ہے اور اس مکان میں گراؤنڈ فلور کرایہ دار رہائش پذیر ہیں جبکہ اغوا کاروں نے مغوی نوجوان کو مکان کی بالائی منزل پر رسیوں سے باندھ کر رکھا ہوا تھا اور اسی وجہ سے نوجوان زخمی ہوا۔

انھوں نے بتایا کہ اغوا کار نوجوان بچے کے جاننے والے ہیں اور اگر بر وقت کارروائی نہیں کی جاتی تو مغوی جوان کی زندگی کو خطرہ ہو سکتا تھا کیونکہ ایسے واقعات میں اغوا کار تاوان وصول کرکے مغوی کو قتل کر دیتے ہیں، انھوں نے بتایاکہ پولیس کو جائے وقوع سے کئی اہم شواہد ملے ہیں امید ہے اغوا کاروں کو جلد گرفتار کر کے عدالت کے کٹہرے میں لایا جائیگا۔