سی ای او احمد ندیم سیکیورٹیز کیخلاف مقدمہ کی درخواست

کمپنی سیکریٹری کا نام بھی شامل، سرمایہ کاروں کو ادائیگی کی نہ حصص منتقل کیے


Numainda Express April 19, 2013
ایس ای سی پی کے دستاویزی ثبوت دینے پرعدالت نے نامزد ملزمان کو 7 مئی کو طلب کرلیا۔ فوٹو : فائل

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے سرمایہ کاروں کو حصص منتقل نہ کرنے اور اصل سرمایہ واپس نہ کرنے پر احمد ندیم سیکیورٹیز پرائیویٹ لمیٹیڈکے چیف ایگزیکٹو محمد احمد ندیم اور کمپنی سیکریٹری محمد احمد جنجوعہ کیخلاف مقدمہ درج کرنے کے لیے مجاز عدالت میں درخواست درج کرا دی ہے۔

گزشتہ روز جاری اعلامیے کے مطابق ایس ای سی پی ایکٹ 1997کے سیکشن 23(5) کے تحت کی گئی درخواست کے ساتھ عدالت کو تمام دستاویزی ثبوت مہیا کر دیے گئے ہیں، عدالت نے سمن جاری کرتے ہوئے نامزد ملزمان کو 7 مئی کو طلب کر لیا ہے۔ کمپنی کے خلاف انکوائری سرمایہ کاروں کی جانب سے ملنے والی متعدد شکایات کے بعد شروع کی گئی تھی۔

سرمایہ کاروں نے متعلقہ کمپنی پر الزام عائد کیا تھا کہ سرمایہ کاروں کی جانب سے اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے لیے احمد ندیم سیکورٹیز کے پاس کھولے گئے اکاؤنٹ میں اضافی فنڈز موجود ہونے کے باوجود کمپنی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کی ادائیگی نہیں کی گئی اور نہ ہی سرمایہ کاروں کو حصص منتقل کیے گئے۔ اعلامیے کے مطابق سرمایہ کاروں کی شکایت پر ایس ای سی پی نے اسلام آباد اسٹاک ایکسچینج کی انتظامیہ کو مجوزہ کمپنی کے خلاف ایکشن لینے کی ہدایت کی تھی۔



اسلام آباد اسٹاک ایکسچینج کے گورننگ بورڈ نے کارروائی کرتے ہوئے25 مئی 2012 کو احمد ندیم سیکیورٹیز کے ٹریڈنگ رائٹ معطل کر دیے اور کمپنی کو سرمایہ کاروں کی شکایات کا ازالہ کرنے کی ہدایت کی، اسلام آباد اسٹاک ایکسچینج کی انتظامیہ کی ہدایت کے برخلاف مجوزہ کمپنی نے 2 جون 2012 کو کمپنیز آرڈیننس 1984 کی دفعہ 305 اور 309 کے تحت کمپنی کی رجسٹریشن ختم کرنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیٹیشن دائر کر دی، بعد ازاں 12 جون 2012 کو اسلام آباد اسٹاک ایکسچینج کی انتظامیہ نے آرٹیکل 33(بی) کے تحت احمد ندیم سیکیورٹیز پرائیویٹ لمیٹڈ کی ممبر شپ منسوخ کر دی۔

ایس ای سی پی نے سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج آرڈیننس 1969 کے سیکشن 21 کے تحت 31 جولائی 2012 کو احمد ندیم سیکیورٹیز کے خلاف انکوائری کے احکام جاری کیے اور تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی تاہم بار بار نوٹس جاری کرنے کے باوجود احمد ندیم سیکیورٹیز کے ڈائریکٹرز اور کمپنی سیکریٹری کی جانب سے متعلقہ ریکارڈ فراہم نہیں کیا گیا اور نہ یہ متعلقہ افراد انکوائری کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے، ایس ای سی پی کی انکوائری ٹیم نے رپورٹ مکمل کرنے کے بعد کمیشن کی منظوری سے عدالت سے رجوع کیا ہے۔