نیو چالی میں ٹی وی چینل کے دفتر سے اسلحہ برآمد

خفیہ اطلاع پر پولیس کی کارروائی، ڈیڑھ سال قبل مالک کے قتل کے بعد سے دفتر بند تھا


Staff Reporter April 19, 2013
خفیہ اطلاع پر پولیس کی کارروائی، ڈیڑھ سال قبل مالک کے قتل کے بعد سے دفتر بند تھا فوٹو: ایکسپریس نیوز/ فائل

اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کی پولیس پارٹی نے نیوچالی کے قریب ایک نجی ٹی وی چینل اور مقامی اخبار کے دفتر میں چھاپہ مار کر بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کر لیا، چھاپے کے وقت دفتر میں تالا لگا ہوا تھا ۔

ڈیڑھ سال قبل اخبار کے مالک کے قتل کے بعد سے دفتر بند تھا، تفصیلات کے مطابق اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کے ڈی ایس پی واصف قریشی کی سربراہی میں پولیس پارٹی نے میٹھادر تھانے کی حدود شاہراہ لیاقت نیوچالی کے قریب مسعود چیمبر کی پانچویں منزل پر واقع آفس نمبر505 میں چھاپہ مار کر وہاں سے ایک بوری میں بند بھاری تعداد میں اسلحہ جس میں ایک پشپشا ، 2 رائفل44 بور ، 3رپیٹر12بور ، ایک رائفل اوزی نائن ایم ایم ، 2کلاشنکوف اور مختلف اقسام کے آتشی اسلحہ کی سیکڑوں گولیاں برآمد کر لیں۔



ڈی ایس پی واصف قریشی نے بتایا کہ چھاپے کے وقت مقامی اخبار و نجی ٹی وی چینل کے دفتر میں تالا لگا ہوا تھا ، برآمد ہونیوالا اسلحہ ایک مذہبی جماعت نے مذکورہ دفتر میں چھپایا تھا، اسلحہ عام انتخابات کے دوران استعمال ہونا تھا ، ملزمان کی گرفتاری کیلیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، واضح رہے ڈیڑھ سال قبل اخبار کے مالک ملک طارق کو گینگ وار کے ملزمان نے جوڑیا بازار سے اغوا کر کے چاکیواڑہ کے علاقے میں لے جا کر قتل کر دیا تھا ۔