امریکا کا دہرا معیار خالد خراسانی پر پابندی کی تجویز مسترد

ایسے انکشافات بھی منظرعام پر آ چکے ہیں کہ مسلم دنیا کو نقصان پہنچانے والے دہشت گردوں کی امریکا پشت پناہی کر رہا ہے۔


Editorial May 11, 2018
ایسے انکشافات بھی منظرعام پر آ چکے ہیں کہ مسلم دنیا کو نقصان پہنچانے والے دہشت گردوں کی امریکا پشت پناہی کر رہا ہے۔ فوٹو: فائل

دہشت گردی کے خلاف بڑی طاقتوں کا دہرا معیار ایک مرتبہ پھر سامنے آگیا ہے، کالعدم عالمی دہشتگرد تنظیم جماعت الاحرار کے امیر عبدالولی عرف عمر خالد خراسانی پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پابندی کی پاکستان کی تجویز امریکا نے مسترد کردی ۔ عمر خالد خراسانی پاکستان میں دہشتگردی کے بڑے حملوں میں ملوث ہے۔

سفارتی ذرایع کا کہنا ہے کہ عمر خالد خراسانی پر پابندی کی تجویز پاکستان نے اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل میں پہلی مرتبہ 6 جولائی 2017 کو دی تھی جو 4 مئی 2018 کو مسترد ہوگئی۔ سفارتی ذرایع کے مطابق جماعت الاحرار عالمی دہشتگردوں کی فہرست میں شامل ہے اور اس تنظیم پر پابندی عائد ہے مگر اس کالعدم تنظیم کے امیر پر پابندی مسترد کرنا عالمی برادری کے دہرے معیار کی عکاسی کرتا ہے۔ پاکستان ناکامی کے باوجود عمر خالد خراسانی پر پابندی کے لیے دوبارہ کوشش کریگا۔

جماعت الاحرار تحریک طالبان پاکستان ہی کا ایک گروہ ہے جو 2014ء میں اپنے قیام کے بعد سے 150سے زائد دہشت گردی کے حملے کر چکا ہے' عمرخالد خراسانی اے پی ایس پر حملے کا ماسٹر مائنڈ ہے' یہ جماعت واہگہ بارڈر پر ہونے والے خود کش حملے' مارچ 2015ء میں لاہور میں یوحنا آباد چرچ پر حملے' مارچ 2016ء میں شبقدر ضلعی عدالت پر بم حملے اور 13 فروری 2017 کو لاہور مال روڈ پر ایس ایس پی اور ڈی آئی جی پر حملے اور قتل میں بھی ملوث ہے۔

ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ عمر خالد خراسانی پر پابندی کی تجویز مسترد ہونے پر مایوسی ہوئی۔ خراسانی کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ اس وقت افغانستان میں چھپا ہوا ہے۔ دہشت گردوں کے وہ گروہ جو پاکستان کو نشانہ بنا رہے ہیں امریکا ان پر کسی قسم کی پابندی لگانے پر آمادہ نہیں۔

اس سے حقیقت کھل کر سامنے آ جاتی ہے کہ امریکا دوستی کے پردے میں پاکستان کی سلامتی اور بقا سے کھیل رہا ہے اس کے نزدیک وہی افراد یا گروہ دہشت گرد ہیں جن سے امریکا یا اس کے اتحادیوں کو خطرہ ہے' ایسے دہشت گرد افراد جو پاکستان یا کسی بھی مسلم ملک کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں امریکا ان پر کسی قسم کی پابندی عائد کرنے پر قطعاً راضی نہیں۔

ایسے انکشافات بھی منظرعام پر آ چکے ہیں کہ مسلم دنیا کو نقصان پہنچانے والے دہشت گردوں کی امریکا پشت پناہی کر رہا ہے جس کی واضح مثال داعش ہے جسے جدید ترین ہتھیار اور تربیت امریکا اور بھارت نے فراہم کی اور اب خراسانی پر پابندی عائد کرنے کے لیے وہ مخالفت کر رہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں