شہر میں امن رہا تو عید کے اہداف پورے ہوجائینگے عتیق میر

رمضان المبارک کےدوسرے عشرے میں مارکیٹوںکا افطارتا سحری کھلا رہنا تاجروںکاسیکیورٹی اداروں پراظہاراعتماد ہے،عتیق میر.


Business Reporter August 11, 2012
رمضان کا آخری عشرہ سیکیورٹی اداروں کی کڑی آزمائش ہے، چیئرمین آل کراچی تاجر اتحاد، فوٹو فائل

آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوسرے عشرے میں ہی مارکیٹوں کا افطار تا سحری کھلا رہنا تاجروں کا سیکیورٹی اداروں پر اظہارِ اعتماد ہے، امن و امان کی صورتحال میں مزید بہتری پیدا ہوئی تو رواں سال عید سیزن سیل کے اہداف پورے ہوجائینگے، عید سے قبل ہی عید کی رونقیں بحال ہوگئی ہیں، مارکیٹیں جگمگا اٹھی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ شہر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال عید تک تسلی بخش رہی تو حکومت اور انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کرینگے، بیشتر تجارتی مراکز میں خرید و فروخت کی مجموعی صورتحال حوصلہ افزا ہے، انھوں نے موجودہ صورتحال کو کاروباری لحاظ سے گذشتہ پانچ سالہ مدت کا بہترین عید سیزن سیل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان کا آخری عشرہ شہر کی انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں کیلیے کڑی آزمائش ہے، مارکیٹوں کو بدنظمی اور عوام کو پریشانی سے بچانے کیلیے انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں کو اسٹریٹ کرائم کی روک تھام اور ٹریفک کی باقاعدگی کیلیے خصوصی انتظامات کرنا ہونگے۔

انھوں نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بیشتر مارکیٹوں میں عید پر فروخت کا 40فیصد سے زائد ہدف پورا ہوگیا ہے، انھوں نے تخمینہ لگایا کہ عید سیل کے تحت مارکیٹوں میں 20ارب روپے سے زائد مال فروخت کیا جاچکا ہے جبکہ خریداروں کے رش میں مسلسل اضافہ خوش آئند ہے۔