صاحبزادہ فضل کریم نے انتہاپسندی کیخلاف علم جہاد بلند کیا

وہ عاشق رسولؐ،ملک وقوم کے پاسبان تھے، علمائے کرام کا اجتماعات سے خطاب


Staff Reporter April 20, 2013
وہ عاشق رسولؐ،ملک وقوم کے پاسبان تھے، علمائے کرام کا اجتماعات سے خطاب. فوٹو فائل

پاکستان سنی اتحادکونسل کے سربراہ سابق رکن اسمبلی مرحوم صاحبزادہ حاجی محمد فضل کریم کے ایصال و ثواب اور مغفرت کیلیے مساجد میں اجتماعات منعقد ہوئے جن میں علما مشائخ نے تعزیتی قراردادیں منظور کیں اور صاحبزادہ حاجی محمد فضل کریم کی دینی ،ملی،قومی جدوجہد اور قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

کراچی میں مرکزی تعزیتی اجتماع سے جامع مسجد گلزار حبیب میں خطاب کرتے ہوئے خطیب العصر علامہ اوکاڑوی اکیڈمی کے سربراہ علامہ کوکب نورانی اوکاڑوی نے کہا کہ صاحبزادہ حاجی محمد فضل کریم دینی ،علمی اور روحانی گھرانے سے تعلق رکھتے تھے آپکے والد گرامی محدث اعظم علامہ سردار احمد کا شمار دنیائے اسلام کے عظیم علما حق میں ہوتا ہے جنھوں نے اپنے علم وعمل زہد وتقویٰ سے دین حق کے چراغ جلائے اور اسلام کے پرچم کو بلند کیا صاحبزادہ فضل کریم نے محدث اعظم پاکستان کی تعلیم وتربیت سے وہ اعلیٰ مقام حاصل کیا کہ آج پورا عالم اسلام آپکی رحلت پر سوگوار ہے۔



انھوں نے کہا کہ صاحبزادہ فضل کریم سچے عاشق رسولؐ ، ملک وقوم کے ترجمان اور پاسبان تھے ،سنی اتحاد کونسل کے سیکریٹری جنرل سابق وفاقی وزیر حاجی محمد حنیف طیب نے کہا کہ صاحبزادہ فضل کریم سے ان کی رفاقت 40سالہ عرصہ پر محیط تھی انھوں نے سب سے پہلے انجمن طلبائے اسلام میں شمولیت اختیار کی اور جماعت اہل سنت پاکستان کے ناظم اعلیٰٰ کی حیثیت سے بھی کردار ادا کیا۔

انھوں نے کہا کہ صاحبزادہ فضل کریم نے انتہاپسندی اوردہشت گردی کے خلاف علم جہاد بلند کیا اور مزارات اولیائے کرام پر بم دھماکے اور دہشت گردی کے المنا ک واقعات کیخلاف لانگ مارچ ،جلسے جلوسوں ،سنی کانفرنس اور ٹرین مارچ جیسے عوامی بیداری کے کارہائے انجام دیے ،اس موقع پر علامہ ڈاکٹر کوکب نورانی نے صاحبزادہ حاجی محمد فضل کریم کی روح کو ایصال ثواب کیلیے اجتماعی فاتحہ خوانی اور دعائے مغفرت کی۔