اساتذہ کی کارکردگی جانچنے کیلیے جاسوسی مناسب نہیں ڈاکٹر اسماعیل

قیادت کا بحران اساتذہ کی کوششوں سے ختم ہوا،جامعہ اردو میں اساتذہ کااجلاس.


Staff Reporter April 20, 2013
قیادت کا بحران اساتذہ کی کوششوں سے ختم ہوا،جامعہ اردو میں اساتذہ کااجلاس. فوٹو: ایکسپریس/فائل

وفاقی اردو یونیورسٹی عبدالحق کیمپس کی انجمنِ اساتذہ کے صدر ڈاکٹر اسماعیل موسیٰ نے کہا ہے کہ انجمن اساتذہ نے اساتذہ کے حالات کو بہتر بنانے اور یونیورسٹی میں اکیڈمک کلچر کو مستحکم کرنے کے لیے کافی کوشش کی ہے۔

انھوں نے انجمنِ اساتذہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی میں اساتذہ کی کارکردگی کو جانچنے کے لیے جاسوسی کے قدیم طریقوں کے نفاذ کی اجازت نہیں دی جائے گی، انجمنِ اساتذہ کے سیکریٹری جنرل پروفسیر نجم العارفین نے کہا کہ انجمنِ اساتذہ کی کوششوں سے یونیورسٹی میں قیادت کا بحران ختم ہوا اور ڈاکٹر ظفر اقبال وائس چانسلر مقرر ہوئے، انھوں نے کہا کہ انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ کیمپس میں اساتذہ اور عمال کے لیے مستقل ڈاکٹر کا تقرر ہوگا، کیمپس میں نظم و نسق کمیٹی کی کوششوں سے فی الحال حالات بہتر ہیں مگر اس ضمن میں مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔



ہنگاموں میں جن اساتذہ کی گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے انھیں معاوضہ ادا کیا جائے گا، انھوں نے کہا کہ انجمنِ اساتذہ نے سابقہ انتظامیہ کو تجویز پیش کی تھی کہ6 سال سے تدریس کے فرائض انجام دینے والے لیکچررز کو اسسٹنٹ پروفیسرز کے عہدوں پر فائز کیا جائے سابق وائس چانسلر نے اصولی طور پر اس منصوبے کی منظوری دے دی تھی مگر سنڈیکیٹ کا اجلاس نہیں ہوسکا سنڈیکیٹ کی منظوری سے جلد ہی اشتہار دیا جائے گا ۔