سہراب گوٹھ کے بعض علاقے طالبان کے کنٹرول میں ہیںایس ایس پی انویسٹی گیشن ملیر

پولیس نے بلاول گوٹھ اور ماروڑاگوٹھ سے 3ملزمان کوگرفتارکرکے اسلحہ اورمسروقہ موٹر سائیکلیں برآمدکیں


Staff Reporter April 21, 2013
سہراب گوٹھ تھانے پر حملے میں ملوث 2 ملزمان ، ایک ٹارگٹ کلر کے علاوہ 7ملزمان کو گرفتار کیاگیاہے،پریس کانفرنس. فوٹو:فائل

ایس ایس پی انویسٹی گیشن ملیر عباس رضوی نے کہا ہے کہ سہراب گوٹھ کے بعض علاقے کالعدم تنظیم تحریک طالبان کے کنٹرول میں ہیں ۔

ایک ہفتے میں سہراب گوٹھ کے تمام نوگو ایریا کا خاتمہ کردیا جائے گا، یہ بات انھوں نے ڈی آئی جی ایسٹ زون کے دفتر میں ایس پی ملیر جاوید اقبال بھٹی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی،عباس رضوی نے مزیدکہا کہ سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں سچل تھانے کی حدود میں واقع بلال گوٹھ اور ماروڑا گوٹھ میں آپریشن کرکے نوگوایریا کا خاتمہ کردیا۔

انھوں نے بتایا کہ آپریشن کے دوران پولیس نے3ملزمان ، شہزاد ، علی اور عامر کو بھی گرفتارکرکے نیوکراچی کے علاقے سے چھینی ہوئی 2 موٹرسائیکلیں اوراسلحہ برآمد کیا ہے، انھوں نے کہا کہ بلاول گوٹھ اورماروڑا گوٹھ میں قوم پرست جماعت جئے سندھ اور ترقی پسند لوگ موجود تھے اورآپریشن کے بعد ان علاقوں میں کوئی بھی شہری جاسکتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ سہراب گوٹھ تھانے کی حدود میں بعض علاقے کالعدم تنظیم تحریک طالبان کا کنٹرول ہے انھوں نے کہا ان علاقوں میں دوسرے جرائم پیشہ گروہوں نے بھی اپنے ٹھکانے بنائے ہوئے ہیں جو ایک دوسرے سے رابطے رکھتے ہیں، انھوں نے بتایا کہ پولیس نے نور محمد گوٹھ اور فقیرا گوٹھ میں کارروائی کرتے ہوئے جنوری میں سہراب گوٹھ تھانے پر کیے جانے والے حملے میں ملوث2 ملزمان جمیل اور عباس ولد الیاس کو گرفتار کرکے 2 ٹی ٹی پستول برآمد کر لی ہیں،انھوں نے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری ملزم رحمت اﷲ کی نشاندہی پرکی گئی ہے ۔



انھوں نے کہا کہ گرفتار ملزمان طالبان کے حمایتی ضرور ہیں تاہم یہ کہنا قبل از وقت ہو گا کہ ملزمان کا تعلق کس گروپ سے ہے،پولیس ملزمان کا انٹیروگیشن کر رہی ہے اور جلد حقائق سامنے لائے گی، انھوں نے کہا کہ پولیس نے ملیر سٹی کے علاقوں میں کی جانے والی دیگرکارروائیوں میں ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ٹارگٹ کلر فہد عرف بالاج ولد علی بخش کے علاوہ 7ملزمان ذیشان عرف سراج ، جہانزیب ، محمد عمیر عرف کالو، امان ، محمد عظیم ، محمد عرفان عرف کامی اور خالد کو گرفتار کر کے اسلحہ اور منشیات برآمد کر لی گئی ہے۔

انھوں نے بتایا کہ گرفتار ٹارگٹ کلر فہد عرف بالاج نے 30دسمبر کو چٹائی گرائونڈ کے قریب بھتہ نہ دینے پر شیخ کریانہ اسٹور کے مالک صندر شیخ کو فائرنگ کر کے قتل کیا تھا اور اس کے بعد ملزمان موچکو تھانے کی حدود میں روپوش ہو گئے تھے ۔