ملیریا اور ڈنگی سے بچاؤ کیلیے گڈاپ میں اسپرے مہم شروع

شہر بھر میں اسپرے کے 12 راؤنڈ مکمل، ہرزون میں23 گاڑیاں اسپرے کررہی ہیں.


Staff Reporter April 21, 2013
عوام اسپرے ٹیموں سے تعاون کریں،اسپر ے نہ ہونے کی شکایت درج کروائیں،شفیع بلوچ فوٹو: فائل

ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی سید ہاشم رضا زیدی کی ہدایت پربلدیہ عظمیٰ کراچی نے باقاعدہ مرحلہ وار کراچی کے پانچوں ڈسٹرکٹس میونسپل کارپویشنز کے 18زونز میں محکمہ میونسپل سروسز کے ایم سی کے تحت فیومیگیشن اسکواڈ کے ہمراہ گڈاپ زون سے ملیریا اور ڈنگی سے بچاؤ کی خصوصی مہم شروع کردی ہے۔

انچارج سینی ٹیشن و فیومیگشن محمد شفیع بلوچ اور دیگر نے فوگنگ مشین میں دوائی ڈال کراسپرے مہم کا آغاز کیا،گڈاپ زون کی تمام یونین کونسلوں میں سینی ٹیشن اسٹاف کی نگرانی میں اسپرے کی گاڑیاں روانہ کیں، ڈسٹرکٹ کونسل کراچی کے گڈاپ زون کے تمام علاقوں خصوصاً ندی ،نالوں اور نشیبی علاقوں پر جر اثیم کش ادویات کا اسپرے کیا گیا فیومیگیشن ہیلتھ کے اعلامیہ کے تحت کہا گیا ہے کہ شہر بھر میں اسپرے کے بارہ رائونڈ مکمل ہوگئے ہیں ۔



ہرزون میں 23 گاڑیوں سے اسپرے کیا جارہا ہے اور ہر زون کی تما م یونین کونسلوں میں لگاتار گاڑیاں روانہ کی جارہی ہیں جن علاقوں میں بڑی مشینیں پہنچ نہیں پاتی وہاں دستی اسپرے مشینوں سے اسپرے کیا جارہا ہے اس کے علاوہ عوامی شکایات اور 1339پر کی جانے والی شکایات پر بھی اسپرے کیا جارہا ہے۔

جبکہ شہر کے دیہی علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر اسپرے کیا جارہا ہے شہر کے بڑے اسپتالوں میں بھی خصوصی اسپرے کیا جارہا ہے،اعلامیے میں شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اسپرے کے دوران کھانے پینے کی اشیا کو ڈھاپ کر رکھیں اور اسپرے ٹیموں سے تعاون کریں اگر کسی علاقے میں اسپر ے نہ کیا گیا ہو تو اس کی شکایت 1339پر درج کروایں۔