کالعدم تحریک طالبان کے3ملزمان کو جیل بھیجنے کا حکم

پولیس نے ملزم گل اسلم کی ہلاکت سے متعلق تمام شواہد اور دستاویزات عدالت میں جمع کرادی ہیں.


Staff Reporter April 21, 2013
سلطان آباد پہاڑی کے علاقے میں چھاپے کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے ملزم گل اسلم ہلاک،2 اہلکارزخمی ہوئے،پولیس فوٹو: فائل

کالعدم تحریک طالبان کے گرفتار3ملزمان کو جیل بھیج دیا گیا ۔

پولیس نے ہلاک ہونے والے ملزم گل اسلم کی ہلاکت سے متعلق تمام شواہد اور دستاویزات عدالت میں جمع کرادی ہیں ، تفصیلات کے مطابق سی آئی ڈی نے پولیس مقابلہ اقدام قتل ، آتش گیر مواد اور اسلحہ ایکٹ کے الزام میں گرفتار کالعدم مذ ہبی تنظیم کے گل عباس ، عباس خان اور رسول خان زمان کامزید جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کیلیے جوڈیشل مجسٹریٹ غربی سہیل احمد لغاری کے روبرو پیش کیا تھا ۔



اس موقع پر فاضل عدالت نے تفتیشی افسر سے ملزم گل اسلم کی عدم حاضری پر اسکی بابت دریافت کیا جس پر پبلک پراسیکیوٹر سید شمیم احمد نے عدالت کو بتایا کہ فاضل عدالت نے 13اپریل کو ملزمان سے تفتیش کیلیے جسمانی ریمانڈ دیا تھا ، دوران تفتیش ملزمان نے منگھو پیر کے علاقے سلطان آباد کی پہاڑی میں اپنے مفرور ساتھیوں اور اسلحے کی موجودگی کا ا نکشاف کیا تھا ۔

جس پر پولیس نے ملزمان کی نشاندہی پر ملزمان کے ہمراہ چھاپہ مارا تھا تاہم ملزمان نے پولیس پرفائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں ملزم گل اسلم ہلاک اور اسسٹنٹ سب انسپکٹر خالد سعید اور سپاہی تیمور شدید زخمی ہوگئے تھے جو کہ سول اسپتال میں تاحال زیر علاج ہیں،اس موقع پر عدالت نے تمام واقعے کے شواہد طلب کیے ،فاضل عدالت کے حکم پر وکیل سرکار نے روزنامچہ میں انٹری ، میڈیکل رپورٹ اور پوسٹ مارٹم کے علاوہ ضابطہ فوجداری کی ایکٹ 174کی مکمل کارروائی اور دستاویزات ثبوت کے طور پر عدالت میں پیش کیے تھے۔