کراچی میں شدید گرمی کی لہر برقرار، پارہ 43 ڈگری سے تجاوز کرگیا

ویب ڈیسک  بدھ 23 مئ 2018

کراچی: شہر قائد میں گزشتہ کئی روز سے جاری گرمی کی لہر برقرار ہے اور بدھ کےروز بھی درجہ حرارت 43 ڈگری سے تجاوز کرگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گزشتہ کئی روز سے کراچی والوں سے سمندر کی ٹھنڈی ٹھار ہوائیں روٹھی ہوئی ہیں، جن کی وجہ سے شدید گرمی کی لہر برقرار ہے، ایک ہفتے سے شہر قائد میں دن کے وقت پارہ 41 ڈگری سے بھی تجاوز کررہا ہے۔ شدید گرمی، سمندری ہواؤں کی بندش ، پانی کی عدم فراہمی اور کے الیکٹرک کی جانب سے کی جانے والی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے روزے داروں کو نڈھال کردیا ہے۔

بدھ کےروز بھی زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جب کہ گرمی کی تپش (ہیٹ انڈیکس) 46 ڈگری تک محسوس کی گئی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں گرمی کی یہ حالیہ لہر مزید دوروز تک جاری رہے گی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: کراچی میں حالیہ گرمی سے 60 افراد جاں بحق ہوگئے

ماہرین نے شدید گرمی کے پیش نظر شہریوں کو دھوپ سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلا ضرورت گھر سے باہر نہ نکلیں اور باہر جانا ضروری ہوتو سر کو کسی گیلے کپڑے سے ڈھانپیں اس کے علاوہ چھتری لے کر گھر سے باہر جائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔