سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم ’سنجو‘ کا نیا پوسٹر جاری

ویب ڈیسک  جمعـء 25 مئ 2018
رنبیر کپور فلم میں سنجے دت کا مرکزی کردار نبھارہے ہیں، فوٹو :ٹوئٹر

رنبیر کپور فلم میں سنجے دت کا مرکزی کردار نبھارہے ہیں، فوٹو :ٹوئٹر

ممبئی: بالی ووڈ اداکار سنجے دت کی زندگی پر مبنی فلم ’سنجو‘ کا نیا پوسٹر جاری کردیا گیا۔

بالی ووڈ میں ان دنوں اداکار سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم’سنجو‘کے چرچے ہیں۔ گزشتہ ماہ فلم کا پہلا ٹیزر جاری کیا گیا تھا جس میں رنبیر کپور سنجے دت کی زندگی کے مختلف پہلو ؤں کو بہت خوبصورتی کے ساتھ نبھاتے نظرآئے تھے۔ فلمی حلقوں اور سنجے دت کے چاہنے والوں کی جانب سے ٹیزر کی بے انتہا تعریف کی گئی تھی۔

ٹیزر ریلیز کے ایک ماہ بعد فلم کا نیا پوسٹر جاری کیاگیا ہے جس میں فلم میں مرکزی کردار اداکرنے والے اداکار رنبیر کپور اور سونم کپور کافی خوشگوار موڈ میں نظر آرہے ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں:  فلم’’سنجو‘‘ کا ٹیزرآتے ہی چھاگیا

فلم کے ہدایت کار راجکمار ہیرانی نے فلم کاپوسٹر ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ  ’سنجو کی جنونی محبت بھری زندگی کی ایک جھلک‘ اس کے ساتھ ہی انہوں نے فلم کا پہلا ٹریلر آؤٹ ہونے کی تاریخ بتاتے ہوئے کہا فلم کا پہلا ٹریلر 5 دن بعد 30 مئی کو ریلیز کیا جائے گا۔

فلم میں اداکارہ سونم کپور مختصر لیکن جاندار کردار نبھارہی ہیں ، اپنے کردار کے حوالے سے سونم کا کہنا تھا کہ لوگ سوچ رہے ہیں میں فلم میں کسی اداکارہ (مادھوری ڈکشٹ) کا کردار نبھارہی ہوں لیکن یہ سچ نہیں ہےمیرا کردار مختصر لیکن جاندار ہے تاہم مجھے اپنے کردار کے حوالے سے تفصیلات بتانے کی اجازت نہیں ہے۔

واضح رہے کہ فلم’سنجو‘میں سنجے دت کا مرکزی کردار اداکار رنبیر کپور اداکررہے ہیں جب کہ  اداکارپاریش راول سنجے دت کے والد سنیل دت اور منیشا کوئرالہ ان کی والدہ اداکارہ نرگس کے کردار میں نظر آئیں گی۔ فلم کی  دیگر کاسٹ میں اداکارہ سونم کپور، انوشکاشرمااور دیامرزاشامل ہیں۔ ایکشن ، کامیڈی اور ٹریجیڈی سے بھرپور فلم ’سنجو‘اگلے ماہ 29 جون کو ریلیز کی جائےگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔