جامعہ کراچی اسکول آف لا کی داخلہ پالیسی ترتیب دیدی گئی

داخلے سیلف فنانس کی بنیاد پرہوں گے،25 سے50 ہزارروپے تک فیس مقرر


Staff Reporter April 24, 2013
داخلہ پالیسی کے تحت اسکول آف لا کوسیلف فنانس پروگرام کے تحت چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے. فوٹو: فائل

جامعہ کراچی کی انتظامیہ نے نئے شروع ہونے والے''اسکول آف لا'' کی داخلہ پالیسی ترتیب دے دی ہے۔

داخلہ پالیسی کے تحت اسکول آف لا کوسیلف فنانس پروگرام کے تحت چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے لیے بی اے ایل ایل بی پروگرام کی سیمسٹرفیسیں25 ہزارسے 50 ہزارروپے تک تجویز کی گئی ہے جبکہ بتدریج ''ایل ایل ایم اورپی ایچ ڈی پروگرام'' بھی شروع کیا جائے گا، پی ایچ ڈی پروگرام کی مکمل مجوزہ فیس ایک لاکھ روپے ہوگی۔



پروگرام میں داخلوں کا آغاز 15مئی سے جبکہ کلاسز 15جولائی سے شروع ہونگی، داخلہ پالیسی کی حتمی منظوری جمعرات کو یونیورسٹی کی اکیڈمک کونسل کے ہونے والے اجلاس میں دی جائیگی۔

منگل کو منعقدہ اجلاس میں کیے گئے فیصلے کے مطابق5 سالہ بی اے ایل ایل بی پروگرام میں ابتدائی طورپر 100 نشستوں پر، 3 سالہ ایل ایل بی پروگرام میں200 نشستوں پر، ایل ایل ایم پروگرام میں100 نشستوں پر اور پی ایچ ڈی پروگرام میں25 نشستوں پرداخلے دیے جائیں گے، بی اے ایل ایل بی پروگرام میں داخلے انٹر جبکہ ایل ایل بی پروگرام میں داخلے گریجویشن اورماسٹرزکی بنیاد پر دیے جائیں گے۔