شاہ زیب قتل کیس تفتیشی افسرکا بیان قلمبند آج جرح ہوگی

تفتیشی افسر کے بیان پر جرح کے لیے وکلا نے ایک روز کی مہلت طلب کرلی


Staff Reporter April 24, 2013
تفتیشی افسر کے بیان پر جرح کے لیے وکلا نے ایک روز کی مہلت طلب کرلی. فوٹو: فائل

شاہ زیب قتل کیس میں موجودہ تفتیشی افسر نے اپنا بیان قلمبند کرادیا ہے، وکیل صفائی بیان پر آج جرح کریں گے۔

، تفصیلات کے مطابق جیل حکام نے مقدمے میں نامزد شاہ رخ جتوئی ، سجاد تالپور ، سراج تالپور اور غلام مرتضیٰ لاشاری کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج غلام مصطفی میمن کے روبرو پیش کیا تھا اس موقع پر استغاثہ نے مقدمے کے موجودہ تفتیشی افسر محمد مبین کو اپنا ادھورا بیان مکمل کرنے کیلیے عدالت میں پیش کیا تھا۔



تفتیشی افسر نے بتایا اس نے تمام گواہوں سے ان کیلیے گئے بیانات کی تصدیق کی اور اس کی روشنی میں پولیس ٹیم کے ہمراہ اندرون سندھ دادو میں چھاپہ مارا،5جنوری کو عدالت میں موجود تین ملزمان کو سجاد ، سراج تالپور اور غلام مرتضیٰ لاشاری کو گرفتار کیا تھا ،گواہوں کے بیانات قلمبند کرائے، 24جنوری کو ملزم سراج تالپور نے اس جگہ کی نشاندھی کی۔

جہاں اس نے سمندر میں اسلحہ پھینک دیا تھا جو بہت تلاش کے باوجود نہیں مل سکا ، 28جنوری کو شاہ رخ جتوئی سے برآمد ہونے والے اسلحے کو اور ایم ٹی بولٹ کو ایکسپرٹ کو بھیج دیا تھا 18فروری کو تفتیش مکمل کرکے ملزمان کے خلاف چالان عدالت میں جمع کرادیا تھا، تفتیشی افسر کے بیان پر جرح کرنے کیلیے وکلا صفائی نے فاضل عدالت سے ایک روز کی مہلت طلب کی تھی اور عدالت میں پیش کیے گئے دستاویزات کی نقول دینے کی استدعا کی