سینٹرل کنٹریکٹ سے ’’اسٹیپنڈ‘‘ کیٹیگری کے خاتمے پر غور

سلیکٹرز نے معاہدے کیلیے20پلیئرزکوکم قرار دے دیا،ڈی کیٹیگری کا اضافہ متوقع.


Saleem Khaliq April 24, 2013
سلیکٹرز نے معاہدے کیلیے20پلیئرزکوکم قرار دے دیا،ڈی کیٹیگری کا اضافہ متوقع. فوٹو : فائل

ڈومیسٹک کرکٹرز کا ماہانہ مشاہرہ ختم کرنے کی تجویز سامنے آ گئی، بورڈ نے سینٹرل کنٹریکٹ سے ''اسٹیپنڈ'' کیٹیگری کے خاتمے پر غور شروع کر دیا۔

دوسری جانب سلیکشن کمیٹی نے معاہدے کیلیے20 کھلاڑیوں کو کم قرار دیدیا، ایسے میں نئی ڈی کیٹیگری شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق محدود آمدنی کے سبب پی سی بی پہلے ہی رواں برس سینٹرل کنٹریکٹ میں پلیئرز کے معاوضوں اور میچ فیس میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کر چکا، اب ڈومیسٹک کرکٹرز کی''اسٹیپنڈ'' کیٹیگری کو بھی ختم کرنے کی تجویز سامنے آ گئی۔

ذرائع نے نمائندہ ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ سلیکٹرز نے اے، بی ، سی اور ''اسٹیپنڈ'' کیٹیگری کے40 پلیئرز کی فہرست بورڈ کے حوالے کی تھی، مگر انھیں ہدایت دی گئی کہ اسے20 تک محدود کر دیا جائے ، اس پر سلیکشن کمیٹی نے موقف اختیار کیا کہ اتنے قلیل تعداد سے تو کئی انٹرنیشنل کرکٹرز بھی معاہدوں سے محروم رہ جائیں گے، اب بورڈ نے اضافی ڈی کیٹیگری سے یہ مسئلہ حل کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔



''اسٹیپنڈ'' کنٹریکٹ ختم کرنے کی وجہ ڈومیسٹک کرکٹرز سے پہلے ہی6ماہ کیلیے کیا جانے والا معاہدہ ہے، جس کے تحت ہر ریجن کے 15 کھلاڑی بورڈ سے ماہانہ 15سے20ہزار روپے وصول کرتے ہیں۔

اب سینٹرل کنٹریکٹ میں صرف انہی پلیئرز کو رکھا جائے گا جو یا تو پاکستان کی نمائندگی کر چکے یا عنقریب کرنے کی اہلیت رکھتے ہوں۔ واضح رہے کہ دسمبر میں اختتام کے بعد سے سینٹرل کنٹریکٹ کی تجدید نہیں کی گئی،اس حوالے سے قائم شدہ کمیٹی اب تک پلیئرز کی تعداد پر بھی متفق نہیں ہو سکی، بورڈ کے اعلیٰ حکام کی خواہش ہے کہ کھلاڑیوں کو بلا کر بتایا جائے کہ کس وجہ سے ان کی ترقی یا تنزلی کی گئی،اسی کے بعد حتمی فہرست جاری کر دی جائے گی۔

مقبول خبریں