بارسلونا اوپن فرنانڈو ورڈاسکو کی دوسرے راؤنڈ میں چھٹی

ارنسٹ گلبز کی غیرمتوقع فتح، ٹوماس بریڈیچ نے نکولائی ڈیوڈنکو کو ٹھکانے لگادیا۔


Sports Desk April 24, 2013
ارنسٹ گلبز کی غیرمتوقع فتح، ٹوماس بریڈیچ نے نکولائی ڈیوڈنکو کو ٹھکانے لگادیا۔ فوٹو: رائٹرز/فائل

سابق چیمپئن فرنانڈو ورڈاسکو کی بارسلونا اوپن کے دوسرے راؤنڈ میں چھٹی ہوگئی ، لٹویا کے ارنسٹ گلبز نے غیرمتوقع کامیابی کی بدولت پیشقدمی جاری رکھی، تھرڈ سیڈ جمہوریہ چیک کے ٹوماس بریڈیچ نے نکولائی ڈیوڈنکو کو ٹھکانے لگادیا۔

تفصیلات کے مطابق اسپین کے شہر بارسلونا میں شروع ہونے والے مینز ٹینس ٹورنامنٹ میں منگل کو بڑا اپ سیٹ 2010 کے چیمپئن فرنانڈ ورڈاسکو کی شکست کا سامنے آیا، انھیں لٹویا کے ارنسٹ گلبز نے 3-6 ، 4-6 سے مات دی،سیکنڈ راؤنڈ کے دیگر میچز میں روس کے نکولائی ڈیوڈنکو کو تھرڈ سیڈ جمہوریہ چیک کے ٹوماس بریڈیچ نے ابتدائی سیٹ ہارنے کے باوجود 3-6 ،5-7 اور 4-6 سے ہرایا، جرمن پلیئر فلپ کوہل شریبر نے اسپین کے البرٹ راموس کو 4-6 ،6-7(7/2) سے شکست دے دی، اس سے قبل فرسٹ راؤنڈ مقابلوں میں پبلو الیجاندرو نے سلووینیا کے گریگا زیملج کو 6-7 ،6-7 اور 6-2-6 سے ٹھکانے لگادیا۔



ارجنٹائن کے سی بیرلوک نے اسپینش حریف گیمینیو ٹریور کو 7-5،6-4 سے قابو کرلیا، ایڈورڈ روجرویسلین نے ہائیک کیخلاف زبردست مزاحمت کے بعد فتح پائی، ان کی جیت کا اسکور 6-2،6-7(1/7) اور6-2 رہا، آسٹریلیا کے برنارڈ ٹومک نے فرنچ حریف کینی ڈی شیپرز کو 6-4،4-6 اور 6-2 سے ہرادیا، میزبان ٹومی روبریڈو نے مارک لوپز پر 2-6،6-2 اور 6-2 سے غلبہ پالیا، کولمبیا کے الیجاندرو فاال نے سلواکین پلیئر بلاز کیویسک کو6-3،6-0 سے ہرادیا۔دوسری جانب جرمنی کے شہر اسٹٹ گارٹ میں شروع ہونے والے ویمنز ٹینس ٹورنامنٹ میں نادیا پیٹرووا نے میزبان جرمن پلیئر فزمینیر کو7-6(7/2)، 6-4 سے زیر کیا،ان کی ہموطن الینا ویسنینا کو کروشین پلیئر لوسیک ایم نے 6-0،6-4 سے مات دے دی۔