ایئر پورٹ پولیس نے ریٹرننگ افسر سے سرکاری گاڑی چھین لی

عبدالشکور پولنگ اسٹیشن سے واپس آرہے تھے،پولیس افسر کو جیل بھیج دیا گیا


عبدالشکور پولنگ اسٹیشن سے واپس آرہے تھے،پولیس افسر کو جیل بھیج دیا گیا. فوٹو: فائل

DHAKA: ایئرپورٹ پولیس نے اسسٹنٹ ریٹرننگ افسر سے ان کی سرکاری گاڑی اسسٹنٹ کمشنر ملیر کی موجودگی میں چھین لی۔

ریٹرننگ افسر کو رکشے پر عدالت آنا پڑا، ریٹرننگ افسر کی شکایت اور اسسٹنٹ کمشنر کے بیان پر پولیس افسر کو 30روز کیلیے جیل بھیج دیا گیا، تفصیلات کے مطابق ضلع ملیر کے حلقہ این اے 258 اور حلقہ پی ایس 130کے اسسٹنٹ ریٹرننگ افسر عبدالشکور کلہوڑو پولنگ اسٹیشن کا دورہ کرکے واپس ملیر کورٹ آرہے تھے کہ ایئرپورٹ کے قریب انھیں ایئرپورٹ تھانہ کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر بدرالدین بھگیو نے روکا اور گاڑی چھین لی۔

اس موقع پر عبدالشکور کلہوڑو نے بتایا کہ وہ جج اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسر ہیں جس پر پولیس افسر نے کہا کہ وہ کسی جج کو نہیں جانتے اور ان کی سرکاری گاڑی چھین لی، ریٹرننگ افسر رکشے کے ذریعے عدالت پہنچے اور ریٹرننگ افسر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج منور سلطانہ کو واقعے سے آگاہ کیا، فاضل جج نے فوری طور پر ایس ایچ او، ڈی ایس پی اور اسسٹنٹ کمشنر ملیر کو عدالت میں طلب کیا تاہم ایس ایچ او اور ڈی ایس پی نے اسسٹنٹ سب انسپکٹر بدلدین کو ہی بھیج دیا۔



اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ملیر نے عدالت کو بتایا کہ انھوں نے فوری طور پر فاضل جج سے معذرت طلب کی تھی اور پولس افسر کو منع بھی کیا اور معافی مانگنے کیلیے کہا تھا لیکن اس نے انکار کردیا تھا، پولیس افسر نے کہا کہ اسے نہیں معلوم تھا کہ یہ جج ہیں جس پر فاضل جج نے کہا کہ اسے بتایا تھا کہ وہ جج ہیں جس کی اسسٹنٹ کمشنر نے بھی تائید کی کہ پولیس افسر کو بتایا گیا تھا لیکن اس نے جج ماننے سے انکار کر دیا تھا، فاضل عدالت نے اسسٹنٹ کمشنر ملیر کے بیان پر پولیس افسر کو بیچ اترانے کا حکم دیا اور30یوم کیلیے جیل بھیج دیا ہے۔