قومی کرکٹرزکے فٹنس ٹیسٹ آج لینے کا فیصلہ

بولنگ کیمپ کاحصہ بننے والے پیسرز کراچی دیگر لاہور میں امتحان سے گزریں گے


Sports Reporter April 25, 2013
بولنگ کیمپ کاحصہ بننے والے پیسرز کراچی دیگر لاہور میں امتحان سے گزریں گے. فوٹو: آئی سی سی

MOSCOW: آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے قومی کرکٹرزکے2 روزہ فٹنس ٹیسٹ کا آغاز جمعرات سے لاہور میں ہوگا،اس میں ابتدائی فہرست میں شامل کھلاڑیوںکو مدعو کیا جائے گا۔

وسیم اکرم کی زیرنگرانی فاسٹ بولنگ کیمپ کا حصہ بننے والے پیسرز کراچی میں ہی امتحان سے گذریں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی کھلاڑیوں کا انٹرنیشنل مقابلوں کے دوران انجری کا شکار ہونا کوئی نئی بات نہیں،دورئہ جنوبی افریقہ میں توفیق عمر کے بعد یکے بعد دیگرے 6کھلاڑی ان فٹ ہو کر سیریز سے باہر ہو گئے ۔



جس کا خمیازہ ٹیم کو شرمناک شکستوں کی صورت میں اٹھانا پڑا، ماضی قریب کے اس تلخ تجربے کو دیکھتے ہوئے پی سی بی جون میں انگلینڈ میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی کیلیے صرف100فیصد فٹ کھلاڑیوں کو ہی منتخب کرنا چاہتا ہے، حتمی اسکواڈ کا اعلان ہونے سے قبل پلیئرز کے فٹنس ٹیسٹ کی تجویز کپتان مصباح الحق نے دی تھی۔

ذرائع کے مطابق ٹیم کے حتمی انتخاب کے بعدکھلاڑیوں کا کیمپ ایبٹ آباد میں لگانے کا مقصد بھی کھلاڑیوں کی فٹنس کو مثالی بنانا ہے، سلیکشن کمیٹی نے لاہور میں 2 روزہ اجلاس میں کھلاڑیوں کی ابتدائی فہرست تیار کر لی تاہم فٹنس رپورٹ کو دیکھنے کے بعد ہی حتمی اسکواڈ تشکیل دیا جائے گا، فٹنس ٹیسٹ کے دوران پی سی بی میڈیکل کمیشن کے ساتھ کوچز اور سلیکشن کمیٹی کے اراکین بھی کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے۔