جرمن ٹینس ووزینسکی پہلی آزمائش میں ہی ناکام

بارسلونا اوپن میں ٹاپ سیڈ فیرر کو ابتدا میں شکست، رافیل نڈال کا کامیاب آغاز.


Sports Desk April 25, 2013
بارسلونا اوپن میں ٹاپ سیڈ فیرر کو ابتدا میں شکست، رافیل نڈال کا کامیاب آغاز. فوٹو: رائٹرز/فائل

جرمن ویمنز ٹینس ٹورنامنٹ میں7 سیڈ کیرولین ووزینسکی پہلی آزمائش میں ناکام ہوگئیں۔

اسپین کی کارلا سواریز انھیں ہراکر دوسرے مرحلے میں داخل ہوگئیں، بارسلونا اوپن میں ٹاپ سیڈ ڈیوڈ فیرر کو بھی اپ سیٹ شکست ہوئی، انھیں روسی پلیئر دیمیتری ترسنوف نے مات دی، یہ ایونٹ میں دوسری غیرمتوقع ناکامی ہے، گذشتہ دن 2010 کے چیمپئن فرنانڈو ورڈاسکو بھی ہارگئے تھے۔

گذشتہ دو برس سے ٹائٹل اپنے نام کرنے والے رافیل نڈال نے فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے کارلوس بیرلوک کو زیر کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق اسٹٹ گارٹ ویمنز ٹینس کے پہلے رائونڈ میں جمہوریہ چیک کی لوسیا سفارووا نے میزبان جرمن حریف مونابارتھیل کو 6-4،6-1 سے قابو کرلیا۔

روس کی اناستایا پاولیچنکووا نے ہموطن ایکٹرینا ماکا رووا کو 6-7 (5/7)،7-5 اور 6-4 سے مات دیکر دوسرے رائونڈ میں جگہ بنائی، 7 سیڈ ڈنمارک کی کیرولین ووزینسکی کو ابتدا ہی میں اسپین کی کارلا سواریز نے 7-6(8/6) اور 6-1 سے اپ سیٹ شکست دے دی،قازقستان کی یاروسیلوا شیوڈووا نے اطالوی حریف روبریٹا ونسی کو 6-4،6-2 سے مات دی۔ دوسری جانب بارسلونا اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں دوسرے دن دوسرا بڑا اپ سیٹ ہوگیا، سابق چیمپئن فرنانڈو ورڈاسکو کے بعد ٹاپ سیڈ ڈیوڈ فیرر بھی پہلی آزمائش میں ناکام ہوگئے۔



روس کے دیمیتری ترسنوف نے اسپینش حریف کو 7-5،3-6 اور 6-1 سے مات دی، دفاعی چیمپئن رافیل نڈال نے ارجنٹائن کے کارلوس بیرلوک کو 6-4 اور 6-2 سے ہرادیا،ٹومی روبریڈو نے بلغاریہ کے گریگور دیمتروف کو 7-5،6-1 اور سلواکیہ کے مارٹن کلیزان نے البرٹ مونتانیز کو 6-3،6-4 سے زیر کیا۔

کینیڈا کے میلوس رائونک نے فرنچ حریف ایڈورڈ روجر ویسلین کو 6-4،6-2 سے ہرادیا، آسٹریلیا کے برنارڈ ٹومک کو 7 سیڈ ارجنٹائن کے جوآن مناکوکے ہاتھوں 6-0،6-2 سے ناکامی کا سامنا رہا، برازیلین پلیئر تھامس بیلوسی نے اسپین کے وائلڈ کارڈ انٹری کھلاڑی پبلو کارینو بسٹا کو 6-7،6-3 اور7-5 سے مات دی، جاپان کے6سیڈ کائی نیشکوری نے اسپین کے گولیرمو اولاسو کو 6-1،6-3 سے ہرادیا۔