پاکستان کو ’ناکام ریاست‘ کہنے پر عروہ نے بھارتی اداکارہ کو آڑے ہاتھوں لے لیا

ویب ڈیسک  اتوار 3 جون 2018
فلم’ویرے دی ویڈنگ‘میں بولڈ مکالمے اورغیر اخلاقی سین ہونے کی وجہ سے فلم پر پاکستان میں پابندی عائد کردی گئی تھی فوٹو:فائل

فلم’ویرے دی ویڈنگ‘میں بولڈ مکالمے اورغیر اخلاقی سین ہونے کی وجہ سے فلم پر پاکستان میں پابندی عائد کردی گئی تھی فوٹو:فائل

کراچی: پاکستانی اداکارہ و ماڈل عروہ حسین نے بھارتی اداکارہ سوارا بھاسکر کو پاکستان کو ’ناکام ریاست‘کہنے اور پاکستان کے خلاف دوغلی پالیسی اپنانے پر آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے خوب کھری کھری سنادیں۔

حال ہی میں ریلیز ہوئی اداکارہ کرینہ کپور خان اور سونم کپور کی فلم ’ویرے دی ویڈنگ‘ میں اہم کردار نبھانے والی اداکارہ سوارا بھاسکر بھی دیگر بھارتی اداکاروں کی طرح پاکستان کے خلاف زہر اگلنے سے باز نہ آئیں ۔ فلم ’ویرے دی ویڈنگ‘ میں بولڈ مکالمے اور غیر اخلاقی سین ہونے کی وجہ سے فلم پر پاکستان میں پابندی عائد کردی گئی ہے تاہم یہ پابندی فلم میں اہم کردار اداکرنے والی اداکارہ سوارا بھاسکر کو ایک آنکھ نہ بھائی اور انہوں نے پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی شروع کردی۔

ایک شو کے دوران جب فلم پر پاکستان میں پابندی کے حوالے سے ان کی رائے مانگی گئی تو انہوں نے دیگر معتصب بھارتیوں کی طرح پاکستان کو ’ ناکام ریاست‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہم پاکستان کو اتنی اہمیت کیوں دیں، ایک ناکام ریاست جہاں تمام بر ی چیزیں ہوتی ہیں۔

تاہم پاکستانی ماڈل و اداکارہ عروہ حسین سے پاکستان کی مخالفت برداشت نہ ہوئی اور انہوں نے سوارا بھاسکر کو آئینہ کو دکھاتے ہوئے کہا کہ’’ 2015 میں آپ نے ہی پاکستان کو دنیا کا بہتر ملک قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ میں آج تک جہاں جہاں گئی پاکستان ان میں سب سے بہتر ہے، یہاں کے لوگ بہتر ین مہمان نواز اور بڑے دل والے ہوتے ہیں۔‘‘

اس کے ساتھ ہی عروہ نے سوارا کو بھارت کا اصلی چہرہ یاد دلاتے ہوئے کہا ’’آپ اُس ملک سے تعلق رکھتی ہیں جس نے اپنی ہی فلم ’پدماوت‘ پر پابندی عائد کردی تھی، آپ عورتوں کے حقوق کی بات کرتی ہیں ، آج کے بعد عورتوں کے حقوق کی بات مت کریئے گا۔‘‘

عروہ حسین نے مزید کہا کہ ’’پاکستان ناکام ریاست نہیں ہے لیکن آپ لازماً ایک کمزور اور ناکام انسان ہیں۔‘‘

https://twitter.com/VJURWA/status/1002964922605756421

واضح رہے کہ دوروز قبل ریلیز ہونے والی فلم’ویرے دی ویڈنگ‘ پر غیر اخلاقی مواد اور بولڈ مکالموں کے باعث پاکستان میں پابندی عائد کردی گئی ہے۔ فلم میں اداکارہ کرینہ کپور خان، سونم کپور، سوارابھاسکر، شیکھا تلسانیا اور سومیت ویاس نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔