کلا کوٹ شیش نامی شخص مکینوں کیلیے دہشت کی علامت بن گیا لاکھوں روپے بھتہ لینے لگا

پولیس بھی اس سے خوفزہ ہے،علاقہ مکینوں سے الیکشن سے قبل شناختی کارڈ کی کاپیاں بھی مانگ لیں، ذرائع


Staff Reporter April 26, 2013
کچھی میمن قبرستان کے قریب رہائشی عمارتوں میں قائم دکانوں اور کارخانے داروں سے لیاری گینگ وار سے تعلق رکھنے والا شیش نامی شخص اسلحے کے زور پر بھتہ وصول کر رہا ہے. فوٹو: فائل

کلاکوٹ کے علاقے چیل چوک اور اس سے ملحقہ علاقوں میں شیش نامی شخص کاروباری اور علاقہ مکینوں کے لیے دہشت کی علامت بن گیا ۔

شیش کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے اور وہ علاقے میں اسلحے کے زور پر لاکھوں روپے بھتہ وصول کر رہا ہے ، ذرائع کے مطابق چیل چوک کچھی میمن قبرستان کے قریب رہائشی عمارتوں میں قائم دکانوں اور کارخانے داروں سے لیاری گینگ وار سے تعلق رکھنے والا شیش نامی شخص اسلحے کے زور پر بھتہ وصول کر رہا ہے اور نہ دینے پر دکانداروں سمیت دیگر افراد کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتا ہے۔



ذرائع کا کہنا ہے کہ شیش نامی شخص کے علاقے کی ایک خاتون سے تعلقات ہیں اور وہ اکثر اس کے گھر آتا جاتا رہتا ہے جبکہ کئی بار تو وہ شراب کے نشے میں دھت مکینوں کو تشدد کا نشانہ بھی بنا چکا ہے اور اسے کوئی کچھ نہیں کہہ سکتا ، ذرائع کا کہنا ہے گھاس منڈی سے چیل چوک جانیوالے راستے پر نالے والی گلی کے کونے پر کلاکوٹ پولیس کی موبائل کھڑی رہتی ہے۔

جس کا کام صرف مکینوں کو روک کر ان سے غیر ضروری سوالات کرنا اور مبینہ طور پر رقم بٹورنا ہے،پولیس شیش نامی شخص سے اتنی خوفزدہ ہے کہ وہ اس کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی سے گریز کرتی ہے، ذرائع کا کہنا ہے لیاری گینگ وار سے تعلق رکھنے والے شیش نامی شخص نے علاقہ مکینوں کو دھمکی دی ہے کہ وہ الیکشن سے قبل اپنے شناختی کارڈ کی کاپیاں اس کے پاس جمع کرا دیں بصورت دیگر انھیں سنگین نتائج بھگتنا پڑیں گے ، علاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکومتی شخصیات سے اپیل کی ہے کہ شیش نامی شخص کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔