پولنگ کے دن شہر 3زون میں تقسیمتحفظ کیلیے سوا لاکھ سیکیورٹی اہلکار تعینات ہوں گے

ویسٹ کے1300،ایسٹ کے1200اورساؤتھ کے500 حساس اور650 سے زائد پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس قرار


Staff Reporter April 26, 2013
ویسٹ کے1300،ایسٹ کے1200اورساؤتھ کے500 حساس اور650 سے زائد پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس قرار فوٹو: فائل

کراچی میں 11 مئی کو پولنگ کے دن امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلیے سیکیورٹی کے لحاظ سے شہر کو تین زونز میں تقسیم کیا جائے گا۔

کراچی میں انتخابات والے روز ایک لاکھ 20 ہزار سے زائد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار ڈیوٹیاں سرانجام دیں گے، محکمہ داخلہ اور الیکشن کمیشن سیکیورٹی اداروں کی مشاورت سے کراچی کے3000 حساس پولنگ اسٹیشنوں پر سیکیورٹی کے فول پروف اقدامات کرے گی، ذرائع کے مطابق کراچی کو الیکشن والے روز سیکیورٹی کے لحاظ سے ویسٹ، ایسٹ اور ساؤتھ زون میں تقسیم کیا جائے گا۔



سیکیورٹی پلان کے تحت ویسٹ زون کے1300، ایسٹ زون کے 1200 اور ساؤتھ زون کے500 پولنگ اسٹیشن حساس قرار دیے گئے ہیں جبکہ ان حساس پولنگ اسٹیشنوں میں650 سے زائد پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس ہیں،کراچی میں الیکشن کی سیکیورٹی کے لیے ایک لاکھ20 ہزار اہلکار تعینات ہونگے،کراچی میں اس وقت 65000 سیکیورٹی اہلکار موجود ہیں جبکہ نفری کی کمی کو دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں، قومی رضاکاروں، سول ڈیفنس، ریٹائرڈ سیکیورٹی اہلکاروں اور نجی سیکیورٹی کمپنیوں کے گارڈز کی مدد سے پورا کیا جائے گا۔

پولنگ والے روز ہر ضلع میں سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی متعلقہ ڈپٹی کمشنرکریں گے،انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر12سے15اہلکار اور حساس پولنگ اسٹیشنز پر 8 سے 10 اہلکار تعینات کیے جائیں گے، واضح رہے کہ کراچی میں الیکشن کمیشن کی مجوزہ پولنگ اسکیم کے تحت4385 پولنگ اسٹیشنز،16000 کے قریب پولنگ بوتھ بنائیں جائیں گے اور تقریباً 53000 سے زائد عملہ انتخابی ڈیوٹیاں سرانجام دے گا۔