عوام اپنے ووٹ سے انتہا پسندوں کو مسترد کردیںبشیر جان

اے این پی کے امیدواروں کا شہر بھر میں کارنر میٹنگز و اجتماعات سے خطاب


Staff Reporter April 26, 2013
اے این پی کے امیدواروں کا شہر بھر میں کارنر میٹنگز و اجتماعات سے خطاب فوٹو: فائل

اے این پی سندھ کے جنرل سیکریٹری بشیر جان نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں قوم اپنے فیصلے میں انتہا پسندوں کو مسترد کردے ہماری جدوجہد کراچی کو اسلحہ سے پاک کرنے اور مظلوم قوموں کو عزت سے جینے کا حق دلانے کے لیے ہے ۔

ان خیالات کا اظہار پی ایس 93 کے امیدوار بشیر جان نے اسلام نگر اورنگی ٹائون سیکٹر 4.D میں کارنر میٹنگ سے خطاب میں کیا اس موقع پر این اے 241کے امیدوار سید کرم درویش نے بھی خطاب کیا،این اے 254 کے امیدوار صادق زمان خٹک اور پی ایس 125 کے امیدوار شمشیر بونیری نے گلزار کالونی سیکٹر ای اور مہران ٹائون سیکٹر ایچ میں کارنر میٹنگ سے خطاب کیا۔



پی ایس 116 کے امیدوار سمیع اللہ خٹک نے نشتر بستی ، پیر بخاری کالونی اور عظمت سینٹر میں کارنر میٹنگ سے خطاب کیا،پی ایس 94 کے امیدوار عامر شہزاد نے نورانی محلہ ،شاہ محلہ اور رحیم شاہ کالونی میں کارنر میٹنگوں سے خطاب کیا،این اے 240 کے کبیر خان اور پی ایس 92 کے امیدوار خورشید انقلابی کی انتخابی مہم کے سلسلے میں آج شیر شاہ میں عوامی نیشنل پارٹی کے آفس سے ریلی نکالی جائے گی۔

ڈسٹرکٹ ایسٹ کے صدر یونس خان بونیری نے مردان چوک ناتھا خان گوٹھ میں انتخابی جلسے سے خطاب میں کہا کہ اے این پی عوامی مسائل سے غافل نہیں اگر خدا نخواستہ ہم اپنی جدوجہد سے دستبردار ہوئے تو ملک میں دہشت گردوں کی بالادستی ہوجائے گی،اس موقع پر کریم اللہ یوسف زئی ،پارٹی امیدواران محمد یونس خان اور حضرت علی بونیری نے بھی خطاب کیا۔