تحریک انصاف نے یکم مئی کو جلسہ عام کے انتظامات مکمل کرلیے

چیئرمین عمران خان اور مرکزی قیادت کو مخصوص راستے سے اسٹیج پر لایا جائیگا


Staff Reporter April 26, 2013
چیئرمین عمران خان اور مرکزی قیادت کو مخصوص راستے سے اسٹیج پر لایا جائیگا فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف نے یکم مئی کو مزار قائد پر جلسہ عام کیلیے انتظامات کو حتمی شکل دیدی۔

اس سلسلے میں سندھ کی انتخابی مہم کے سربراہ عمران اسماعیل کی زیر صدارت اجلاس میں جلسہ گاہ کی انتظامی اور سیکیورٹی کمیٹی کے اجلاس منعقد ہوا جس میں جلسہ گاہ میں عوام کی آمد کے روٹ اور اسٹیج کے گرد سیکورٹی کو حتمی شکل دی گئی، جلسہ گاہ میں چیئرمین عمران خان اور مرکزی قیادت کو مخصوص راستے سے اسٹیج پر لایا جائے گا ۔



جبکہ عوام کے لیے 4 مختلف داخلی راستوں کا تعین کیا گیا، اجلاس میں کراچی کی الیکشن مہم کے سربراہ فیصل واوڈا نے پنڈال کمیٹی کے ہمراہ پنڈال کے جائزے کی تفصیلات بتائیں اور پنڈال کے اطراف کو عمران خان کی قد آور تصاویر ، انتخابی نشان بلّا اور پارٹی پرچموں سے سجانے کے کام کو حتمی شکل دیں ، اجلاس میں میڈیا کوآرڈینیٹر جمال صدیقی نے بتایا کہ میڈیا کے لیے مخصوص جگہ کا تعین کیاگیا ۔

جہاں کنٹینرز پر میڈیا اسٹیج بنا کر بلا رکاوٹ کوریج کو آسان بنانے کی کوشش کی جائے گی ، پنڈال میں سیکورٹی اور رش کے پیش نظر میڈیا کو پاس جاری کیے جائیں گے تاکہ وہ بنا رکاوٹ میڈیا کنٹینر تک پہنچ کر اپنے فرائض انجام دے سکیں۔