شاہ رخ خان کو ’’بونا‘‘ بنانے کیلئے 70 کروڑ روپے خرچ

ویب ڈیسک  جمعـء 8 جون 2018
فلم 21 دسمبر 2018 کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔ فوٹو: فائل

فلم 21 دسمبر 2018 کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔ فوٹو: فائل

ممبئی: بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کو ان کی نئی فلم ’’زیرو‘‘میں بونا (پستہ قد) آدمی دکھانے کے لیے 70 کروڑ روپے سے زائد کی رقم خرچ ہوئی ہے۔

بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان ان دنوں اپنی فلم’’زیرو‘‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جو حتمی مراحل میں ہے جب کہ فلم میں وہ پہلی بار ایک بونے (پستہ قد)آدمی کا کردار نبھا رہے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ فلم شاہ رخ کا ڈریم پروجیکٹ ہے اور اس کے لیے وہ کافی عرصے سے منصوبہ بندی کررہے تھے،  یہی وجہ ہے کہ فلم میں حقیقت کا رنگ بھرنے کے لیے وہ کوئی بھی قیمت دینے کو تیار ہیں، فلم کی زیادہ ترشوٹنگ بیرون ممالک میں ہوئی ہے اور اسی سلسلے میں کنگ خان اپنی پوری ٹیم کے ہمراہ 27 اپریل سے امریکا میں موجود ہیں تاہم درمیان میں وہ بھارت بھی آتے رہے ہیں۔

شاہ رخ خان کو فلم میں بونا دکھانے کے لیے ان  کی پروڈکشن کمپنی ’ ریڈ چلی انٹرٹینمنٹ‘ وی ایف ایکس یعنی ویژول ایفیکٹس پربھاری رقم خرچ کررہی ہے اور کنگ خان کو حقیقی بونا دکھانے کے لئے اسپیشل ایفیکٹس پر اب تک 70 کروڑ سے زائد کی رقم خرچ کی جاچکی ہے جب کہ اسپیشل ایفیکٹس پر400 سپروائزر کام کررہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی شاہ رخ خان کی فلم’’زیرو‘‘، ’’باہو بلی‘‘کے بعد ویژول ایفیکٹس پر بھاری رقم خرچ کرنے والی دوسری فلم بن گئی ہے۔ ’’باہوبلی‘‘کے ویژول ایفیکٹس پر 85 کروڑ روپے کی رقم خرچ ہوئی تھی۔

شاہ رخ خان نے اپنے ایک انٹرویو میں فلم میں شامل ہونے والے ویژول ایفیکٹس کے بارے میں کہا تھا یہ ویژول ایفیکٹس کے معاملے نہ صرف بھارت بلکہ پوری دنیا میں ایڈوانس فلم ہے ، اس فلم کے لیے ویژول ایفیکٹس دو سال پہلے ڈیزائن کیے گئے تھے۔

واضح رہے کہ فلم’’زیرو‘‘میں اداکارہ انوشکا شرما اور کترینہ کیف شاہ رخ خان کے ساتھ رومانس کرتی نظر آئیں گی فلم 21 دسمبر 2018 کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔