عامر نے ڈائز کو خاک چٹانے کی تیاری مکمل کر لی

گزشتہ 3میں سے 2 فائٹس ہارنے کے باوجود برطانوی باکسر کے عزائم بلند، ویلٹر ویٹ چیمپئن بننے کی خواہش.


Sports Desk April 27, 2013
گزشتہ 3میں سے 2 فائٹس ہارنے کے باوجود برطانوی باکسر کے عزائم بلند، ویلٹر ویٹ چیمپئن بننے کی خواہش. فوٹو : فائل

MUZAFFARABAD: پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے میکسیکن حریف جولیو ڈائز کو خاک چٹانے کی تیاری مکمل کرلی، دونوں کی فائٹ ہفتے کی شب ہوگی۔

گزشتہ 3میں سے 2 فائٹس میں ناکامیوں کے باوجود عامر کے عزائم بلند ہیں، وہ اس نان ٹائٹل فائٹ کو جیتنے کے بعد رواں برس کے اواخر میں غیرمتنازع ورلڈ ویلٹر ویٹ چیمپئن بننے کا ارادہ رکھتے ہیں، یہ عامر کی دو برس بعد شمالی انگلینڈ میں واقع ہیفیلڈ میں منعقد ہونے والی پہلی فائٹ ہوگی، سابق ورلڈ لائٹ ویٹ چیمپئن کو ڈائر کیخلاف متوقع کامیابی ممکنہ طور پر لیمونٹ پیٹرسن یا ڈینی گارشیا سے مقابلے کی راہ پر گامزن رکھے گی۔

البتہ ناکامی کی صورت پر اعلیٰ سطح کا کیریئر ختم بھی ہوسکتا ہے، وہ آئندہ ماہ نیویارک میں شادی کرنے والے ہیں، عامر امریکی باکسر لیمونٹ پیٹرسن اور ڈینی گارشیا سے شکستوں کا انتقام لینے کیلیے بھی بے چین ہیں، انھیں دسمبر2011 میں متنازع پوائنٹس پر لیمونٹ پیٹرسن کیخلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، بعدازاں پیٹرسن کا ممنوعہ ادویات کے استعمال کا ٹیسٹ مثبت آگیا تھا، اسی طرح گارشیا نے بھی گذشتہ برس جولائی میں عامر کو چار رائونڈ میں زیر کیا تھا، عامر کے سامنے سے قبل ان دونوں باکسرز کو اپنے ٹائٹلز کے دفاع کا مرحلہ درپیش ہوگا۔

آئی بی ایف چیمپئن لیمونٹ پیٹرسن 18 مئی کو ارجنٹائنی چیلنجر لوکاس میتھائسی سے مقابلہ کریں گے، ڈبلیو بی سی اور ڈبلیو بی اے ٹائٹلز ہولڈر گارشیا ہفتے کی شب ہموطن امریکی حریف زیب جوڈا سے ٹکرائیں گے،عامرخان نے دعویٰ کیاکہ ان کے پروموٹر گولڈن بوائے نے انھیں بتایا ہے کہ ان دونوں فائٹس کے فاتحین کا باہمی مقابلہ ہوگا اور پھر رواں برس کے اواخر میں ورلڈ ٹائٹل یونیفیکشن بائوٹ میں انھیں موقع ملے گا، عامر نے کہا کہ میں مجھے جیت کی روش برقرار رکھنے کی ضرورت ہے تاکہ ورلڈ ٹائٹلز دوبارہ حاصل کرسکوں۔



انھوں نے کہا کہ میں لائٹ ویلٹر ویٹ میں اسی لیے موجود ہوں تاکہ لیمونٹ پیٹرسن اور ڈینی گارشیا سے اپنی شکستوں کا حساب چکتا کرسکوں، عامر نے گذشتہ برس دسمبر میں کارلوس مولینا کیخلاف کامیابی کی بدولت اپنا اعتماد بحال کیا ہے،اس فائٹ کے لیے انھوں نے سان فرانسسکو میں کوچ ورجل ہنٹر کے ہمراہ ٹریننگ کی تھی۔

ان کے چھوٹے بھائی ہارون خان بھی سپر فلائی ویٹ میں انگلش حریف بریٹ فیڈوئے کا سامنا کرکے ہفتے کو پروفیشنل ڈیبیو کریں گے، یہ فائٹ چار رائونڈ پر مشتمل ہوگی، ناقابل شکست امریکی ہیوی ویٹ ڈیونٹے ویلڈر کا مقابلہ برطانیہ کے آئوڈ لے ہیریسن سے طے ہے۔دوسری جانب عامر خان نے ہفتے کو جولیو ڈائز کیخلاف فائٹ کیلیے ڈرگز چیٹ وکٹر کونٹے سے مدد لینے کا دفاع کیا ہے۔

واضح رہے کہ کونٹے کو ممنوعہ ادویات باکسرز میں تقسیم کرنے پر 2005 میں جیل کی سزا ہوئی تھی، عامر کا کہنا ہے کہ مجھے کونٹے سے میرے ٹرینر ورجل ہنٹر نے متعارف کرایا اور انھوں نے مجھے بھی مفید مشورے دیے ہیں، میں ان کے داغدار ماضی سے واقف ہوں، انھوں نے جو کچھ کیا وہ انھیں نہیں کرنا چاہیے تھا، جیل سے باہر آنے کے بعد کونٹے اینٹی ڈرگ مہم چلانے والے بن گئے اور سردست کئی ورلڈ اینٹی ڈوپنگ باڈیز کے ساتھ ملکر کھیلوں کو برائیوں سے پاک کرنے کیلیے سرگرم ہیں۔