ویڈیوز دکھاکر بولرز کو خامیوں سے آگاہ کردیا گیا

کیمپ کے نگران وسیم اکرم نے ریجنل کرکٹ اکیڈمی میں پیسرز کو لیکچربھی دیا.


Sports Reporter April 28, 2013
انگلش وکٹوں پرحریف بیٹسمینوں کو قابو کرنے کی پوری کوشش کروں گا،اسدعلی۔ فوٹو: فائل

پی سی بی کے تحت وسیم اکرم کی زیرنگرانی فاسٹ بولرز کا تربیتی کیمپ اختتامی مرحلے میں داخل ہو گیا۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری10روزہ کیمپ کے8ویں دن ہفتے کو سابق ٹیسٹ کپتان نے4گھنٹے کے تربیتی سیشن میں پہلے مرحلے میں بولرز کو نیٹ پر معمول کے مطابق مختلف تکنیکس سے آگاہ کیا اور خامیوں دور کرنے کی کوشش کی، بعدازاں وسیم اکرم نے اپنے معاون اور قومی ٹیم کے بولنگ کوچ محمد اکرم کے تعاون سے ریجنل کرکٹ اکیڈمی میں بولرز کو لیکچر دیا، انھوں نے ہر بولر کو انفرادی طور پر نیٹ پر بولنگ کی ویڈیوز دکھاکر خامیوں سے آگاہ کرتے ہوئے انھیں دور کرنے کے طریقے بتائے،کیمپ پیر کو ختم ہو جائے گا۔



دریں اثنا چیمپئنز ٹرافی کے لیے قومی ٹیم میں شمولیت کے امیدوار فاسٹ بولر اسد علی نے کہاکہ انتخاب کیا گیا تو اسے درست ثابت کرنے کی کوشش کروں گا، اپنے آئیڈل وسیم اکرم کی زیر نگرانی فاسٹ بولرز کیمپ میں خامیاں دور کر لی ہیں،اپنے دور کے عظیم فاسٹ بولر سے نئی تکنیک سیکھنے کا نادر موقع ملا،پریذیڈنٹ کپ ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ کے6 میچز میں14وکٹوں کے ساتھ بولنگ میں سرفہرست رہنے والے سوئی نادرن گیس کے اسد علی کی صلاحیتوں نے کیمپ کے نگران وسیم اکرم کو انتہائی متاثر کیا ہے۔

لاہور سے تعلق رکھنے والے نوجوان اسد علی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ انگلینڈ کی وکٹوں پر حریف بیٹسمینوں کو قابو کرنے کی پوری کوشش کریں گے، انھوں نے کہا کہ وسیم اکر م سے کوچنگ لینامیری بڑی خواہش تھی جو پوری ہو گئی، انھوں نے کیمپ میں مجھ پر بھرپور توجہ دی اور حوصلہ افزائی کی جس سے میرے اعتماد میں اضافہ ہوگیا۔