آرمسٹرونگ ڈوپنگ کیس سائیکلنگ کی گورننگ باڈی تنقید کی زد میں آگئی

امریکی اسٹار نے پورے کیریئر میں کارکردگی بڑھانے والی دوائیں استعمال کیں، یوساڈا.


Sports Desk April 28, 2013
امریکی اسٹار نے پورے کیریئر میں کارکردگی بڑھانے والی دوائیں استعمال کیں، یوساڈا۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

سائیکلنگ کی ورلڈ گورننگ باڈی نے یوایس اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کی تنقید پر شدید رد عمل ظاہر کیا ہے۔

یوساڈاکے صدر ٹریوس ٹائیگارٹ نے الزام لگایا تھا کہ یو سی آئی لانس آرمسٹرونگ ڈوپنگ اسکینڈل کے نتائج پر عمل کرنے میں ناکام ہوگئی ہے،آرمسٹرونگ نے اپنے پورے کیریئر میں کارکردگی کو بڑھانے والی دوائیں استعمال کیں، انٹرنیشنل سائیکلنگ یونین نے ان پر اکتوبر میں تاحیات پابندی لگائی اور ٹورڈی فرانس کے جیتے ہوئے 7 ٹائٹلز سے محروم کردیا تھا۔ یوساڈا کی آرمسٹرونگ ڈوپنگ رپورٹ میں یہ بھی الزام لگایا گیاکہ یو سی آئی نے سابق سائیکلسٹ کو پکڑنے کیلیے اپنے ذرائع کو مکمل طور پر استعمال نہیں کیا،آرمسٹرونگ نے بعد میں دھوکا دہی کا اقرار کرلیا تھا۔

یوسی آئی سے ماضی پر نظر ڈالنے اور الزامات کی تحقیقات کیلیے آزاد کمیشن کے قیام کیلیے کہا گیا تھا تاکہ مکمل سچائی سامنے آئے اور مصالحت کا دور شروع ہوسکے، جس پر اب تک عمل نہیں کیا گیا ہے۔ ڈوپنگ کی تحقیقات کرنے والی ایک فرانسیسی سینیٹ کمیٹی سے گفتگو کرتے ہوئے ٹائیگارٹ نے ان الزامات کو دہرایا، آرمسٹرونگ کو اس مقام تک پہنچانے والے آفیشل کا کہنا ہے کہ یو سی آئی ' گیم کو طول دینے' کی کوشش کررہی ہے۔



ٹائیگارٹ کے جواب میں یوسی آئی نے جمعے کو کہا کہ یوساڈا اور اینٹی ڈوپنگ ایجنسی (واڈا) پر آزاد کمیشن کو ختم کرنے کا الزام بھی عائد ہوتا ہے۔ یوسی آئی نے ایک بیان میں کہا کہ یہ اچھی بات ہے کہ ٹائیگارٹ تعاون کے بارے میں بات کررہے ہیں لیکن ہمیں یہ بھی نہ بھولنا چاہیے کہ آزاد کمیشن صرف یوساڈا اور واڈا کے تعاون فراہم کرنے کے انکار کی وجہ سے ختم ہوا، اس لیے یوسی آئی کے پاس کوئی جواز باقی نہیں رہتا تھا کہ وہ اس باب کو بند کردے، ان دو اداروں کی شرکت کے بغیر اس معاملے پر مزید کارروائی نہیں ہوسکتی تھی۔

سوئٹزرلینڈ کی باڈی نے آرمسٹرونگ پر جلد قابو نہ پانے کی ناکامی کا دیگر اداروں کو بھی ذمہ دار ٹھیرایا۔ بیان میں کہا گیاکہ کوئی بھی شخص یہ اندازہ لگا سکتا ہے کہ آزاد کمیشن پر تعاون کے انکار کی وجہ ان کا یہ خوف ہے کہ ان کی خامیاں سامنے آجائیں گی۔ بیان میں مزید کہا گیاکہ یوساڈا اور واڈا نے بھی کئی سال تک آرمسٹرونگ کو پرکھا اور اسے پکڑنے میں ناکام ہوگئے تھے، یہ یوایس فیڈرل انویسٹی گیشن کی وجہ سے ہوا کہ یوساڈا آرمسٹرونگ کی ڈوپنگ کے ثبوت حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی۔