بالی ووڈ اداکار ارمان کوہلی گرل فرینڈ پر تشدد کے الزام میں گرفتار

ویب ڈیسک  بدھ 13 جون 2018
ارمان کوہلی نے ایک ہفتے قبل اپنی گرل فرینڈ نیرو رندھاواکو شدید تشدد کا نشانہ بنایاتھا فوٹو:فائل

ارمان کوہلی نے ایک ہفتے قبل اپنی گرل فرینڈ نیرو رندھاواکو شدید تشدد کا نشانہ بنایاتھا فوٹو:فائل

ممبئی: بگ باس کے ذریعے منفی شہرت حاصل کرنے والے بالی ووڈ کے غیر معروف اداکار ارمان کوہلی کو اپنی گرل فرینڈ نیرو رندھاواپر تشدد کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیاگیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ارمان کوہلی کوممبئی پولیس نے گزشتہ روزممبئی کے نزدیک واقع ہل اسٹیشن لوناولہ سے گرفتار کیا ان پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک ہفتے قبل اپنی گرل فرینڈ نیرو رندھاواکو شدید تشدد کا نشانہ بنایاتھا جس کے باعث ان کے چہرے پر کافی گہرے زخم آئے تھے جس کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ارمان نے اپنی گرل فرینڈ کو مبینہ طور پر اپنے فارم ہاؤس میں تشدد کا نشانہ بنایاتھااور اس کے بعد سے وہ فرارتھے تاہم انہوں نے گزشتہ روز نیا سم کارڈ لے کر اپنے گھر والوں اور وکیل سے رابطہ کرنے کی کوشش  کی جس کے بعد پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا۔

پولیس میں درج کرائی گئی شکایت کے مطابق ارمان کوہلی اور ان کی گرل فرینڈ کے درمیان 3 جون کو مالی معاملات پر بحث ہوئی تھی، کہ ارمان نے اچانک غصے میں نیرو کو سیڑھیوں پر دھکا دیااور اس پر تشدد کیاجس کے باعث نیرو کے سر اور چہرے پر شدید زخم آئے بعد ازاں  نیرو رندھاواکوممبئی کے کوکیلا بین دھیروبھائی امبانی اسپتال میں داخل کیاگیا۔

اس واقعے کے بعد ارمان کوہلی ممبئی کے نزدیک واقع اپنے دوست کے گھر پر روپوش ہوگئے تھے تاہم پولیس ان کی تلاش میں تھی ارمان نے جیسے ہی نیا سم کارڈ خرید کو اپنے گھروالوں سے رابطہ کیا پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا اس کے علاوہ ایک مقامی رہائشی نے بھی پولیس کو ارمان کوہلی کی روپوشی کی اطلاع دی تھی۔ پولیس نے حراست میں لینے کے بعد ارمان کوہلی سے دو گھنٹے سانتا کروز پولیس اسٹیشن میں پوچھ گچھ کی بعدازاں انہیں ممبئی پولیس اسٹیشن بھیج دیاگیا جہاں مزید تفتیش کا سلسلہ جاری رہے گا۔

واضح رہے کہ ارمان کوہلی کا شمار بالی ووڈ کے ناکام اداکاروں میں ہوتا ہے انہوں نے 2002 میں فلم’جانی دشمن‘میں کام کیا تھا اس کے علاوہ وہ فلم ’ایل او سی‘،’کارگل‘ اور پریم رتن دھن پایو‘میں بھی مختصر کردار اداکرچکے ہیں تاہم شائقین کو متوجہ کرنے میں ناکام رہے۔ اس کے علاوہ وہ 2013 میں ’بگ باس‘میں بھی شرکت کرچکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔