مویشیوں کی کراچی سے بلوچستان نقل و حمل پر پابندی عائد

فوری طور پر جانوروں کی اسمگل روکنے کیلیے پر فوری طور پر دفعہ144کے...


Staff Reporter August 12, 2012
اسمگلنگ جاری رہی تو شہریوں کو گوشت مقررہ نرخوں پر فروخت کرنا ناممکن ہوجائیگا، کیٹل میٹ مرچنٹ کے وفد کی روشن علی شیخ سے گفتگو, فوٹو فائل

سندھ حکومت نے کمشنر کراچی روشن علی شیخ کی درخواست پر جانوروں کی کراچی سے بلوچستان نقل و حمل پر دفعہ144کے تحت پابندی عائد کردی جبکہ محکمہ داخلہ سندھ نے اس ضمن میں نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

کمشنر کراچی نے کہاکہ انھوں نے کراچی کے عوام کو گوشت کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے نجات دلانے کے سلسلے میں حکومت سندھ سے درخواست کی تھی کہ وہ فوری طور پر جانوروں کی اسمگل روکنے کیلیے پر فوری طور پر دفعہ144کے تحت پابندی عائد کریں اور جانوروں کی کراچی سے بلوچستان نقل وحمل روکنے کے سلسلے میں ٹھوس اقدامات کریں کیونکہ جانوروں کی اسمگلنگ میں خطرناک حد تک اضافہ ہوتا جارہا ہے جس کے باعث کراچی میں جانوروں کی کمی کے باعث گوشت فروش گوشت کی قیمتوں میں اضافہ کررہے ہیں۔

گذشتہ دنوں کیٹل میٹ مرچنٹ ایسوسی ایشن کے صدر شیخ کامران اکرم قریشی نے ایک وفد کے ہمراہ ان سے ملاقات کے موقع پر جانوروں کی بڑھتی ہوئی اسمگلنگ کی جانب توجہ دلاتے ہوئے کہاکہ اگر اسی طرح اسمگلنگ میں اضافہ ہوتا رہا تو ہمیں کراچی کے شہریوں کو گوشت پرائس لسٹ کے مطابق فروخت کرنا ناممکن ہوجائے گا لہذا حکومت سے درخواست ہے کہ وہ اسمگلنگ کی فوری روک تھا م کرے ، روشن علی شیخ نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ حکومت سے جانوروں کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے فوری طور پر دفعہ 144لگانے کی سفارش کر یں گے اور ان کی سفارش پر حکومت سندھ کے محکمہ داخلہ نے جانوروں کی کراچی سے بلوچستان نقل وحمل پر فوری طور پر پابندی عائد کردی ہے۔

کمشنر کراچی نے کہاکہ اب تمام گوشت فروشوں کو چاہیے کہ وہ عوام کو گوشت حکومت کی جانب سے جاری کردہ پرائس لسٹ کے مطابق فروخت کرنے کو یقینی بنائیں کیونکہ مہنگا گوشت فروخت کرنے کی وجہ کو ختم کردیا گیا ہے ۔