لیاری دھماکے میں استعمال موٹر سائیکل فروری میں چھینی گئی تھی

دھماکے میں استعمال کی جانے والی موٹر سائیکل5 فروری 2013کو نپیئر تھانے کی حدود سے چھینی گئی تھی.


Staff Reporter April 29, 2013
لیاری میں پیپلزپارٹی کی کارنر میٹنگ میں دھماکے کے دوسرے روز جائے وقوع پر لوگ جمع ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

لیاری میں ہفتے کو پیپلز پارٹی کی کارنر میٹنگ کے موقع پر بم دھماکے میں استعمال کی جانے والی موٹر سائیکل5فروری کو لی مارکیٹ کے قریب سے چھینی گئی تھی۔

تفصیلات کے مطابق کلاکوٹ تھانے کی حدود لیاری میوہ شاہ روڈ کمہار واڑہ ہری مسجد کے قریب ہفتے کی شب انتخابات کے سلسلے میں پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی کارنر میٹنگ کے دوران بم دھماکے میں استعمال کی جانے والی موٹر سائیکل5 فروری2013کو نپیئر تھانے کی حدود سے چھینی گئی تھی، یہ بات ایس ایچ او کلاکوٹ سب انسپکٹر اعظم خان نے ایکسپریس کو بتائی جبکہ نپیئر تھانے کے سب انسپکٹر محمد اسرار نے بتایا کہ5 فروری کی شب تقریباً 9بجکر50منٹ پر محمد عمر کچھی ولد حسن کچھی نے تھانے آکر رپورٹ درج کرائی کہ وہ حنیف منزل گلی نمبر ایک ایچ روڈ بہار کالونی لیاری کا رہائشی ہے اور کھارادر صرافہ مارکیٹ میں محنت مزدوری کرتا ہے۔



محمد عمر نے بتایا کہ وہ رات تقریباً ساڑھے9بجے سول اسپتال سے اپنے رشتے دار کی تیمار داری کر کے واپس اپنے گھر جا رہا تھا کہ لی مارکیٹ نپیئر تھانے کے سامنے موتل بائی اسٹریٹ پر ایک موٹر سائیکل پر2مسلح لڑکے آئے اور اسے روک کر موٹر سائیکل نمبر KFF-1807جس کا رنگ سیاہ اور ماڈل2011 تھا چھین کر لے گئے ، ملزمان فرار ہوتے ہوئے اس کی جیب سے ڈھائی سو روپے اور2موبائل فون بھی لے گئے تھے، موٹر سائیکل کا انجن نمبرDSE.509700جبکہ چیسز نمبر DSC.823077یہ ہے ، محمد عمر نے پولیس کو اپنے بیان میں ملزمان کے حلیے کے بارے میں بتایا کہ وہ صورت شکل سے لیاری کے رہائشی لگ رہے تھے، پولیس نے مقدمہ درج کر لیاتھا اور مقدمے کی تفتیش اینٹی کار لفٹنگ سیل کو روانہ کر دی تھی۔