فائرنگ سے جاں بحق حمزہ سپرد خاک دوستوں کا احتجاجی مہم کا اعلان

پریس کلب سمیت دیگرمقامات پرمظاہرے اور ریلیاں نکالی جائینگی، بیٹے کے قاتلوں کوکیفر کردار تک پہنچایا جائے،والد طالب سہیل


Staff Reporter April 29, 2013
ڈیفنس میں فائرنگ کر کے قتل کیے جانے والے نوعمرلڑکے حمزہ کی نماز جنازہ بعد نماز ظہر ڈیفنس فیز 6 میں واقع جامع مسجد عمر فاروق میں ادا کی گئی. فوٹو: فائل

ڈیفنس میں جھگڑے کے بعد فائرنگ کرکے قتل کیے جانے نوعمر لڑکے حمزہ کے دوستوں نے بھر پور احتجاجی مہم چلانے کا اعلان کیا ہے۔

مقتول حمزہ کو سیکڑوں سوگواران کی موجودگی میں گذری قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا، تفصیلات کے مطابق ڈیفنس میں فائرنگ کر کے قتل کیے جانے والے نوعمرلڑکے حمزہ کی نماز جنازہ بعد نماز ظہر ڈیفنس فیز 6 میں واقع جامع مسجد عمر فاروق میں ادا کی گئی، نماز جنازہ میں متحدہ قومی موومنٹ، پیپلز پارٹی کے رہنمائوں اور سی پی ایل سی کے چیف کے علاوہ مقتول کے اہلخانہ، دوست و اقارب اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی، نماز جنازہ کے بعد مقتول کے جسد خاکی کو گذری قبرستان لے جایا گیا جہاں مقتول کو سیکڑوں سوگواران کی موجودگی میں سپرد خاک کردیا گیا۔



بعدازاں مقتول کے والد طالب سہیل نے بتایا کہ مقتول 5 بہن بھائیوں میں چوتھے نمبر پر تھا اور او لیول کے امتحان کے ساتھ ساتھ ٹوفل کے امتحان کی بھی تیاری کررہا تھا ، انھوں نے بتایا کہ مقتول حمزہ امریکا جا کر اعلیٰ تعلیم حاصل کرنا چاہتا تھا تاکہ وہ ایک قابل بزنس مین بن سکے ، انھوں نے کہا کہ اب ان کا ایک ہی مقصد ہے کہ حمزہ کو انصاف دلائیں اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ حمزہ کے قتل میں ملوث ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچائیں ،دوسری جانب سے حمزہ کے دوستوں نے اپنے دوست کے قتل کے خلاف بھر پور احتجاجی مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے ،مقتول کے دوستوں کا کہنا ہے کہ حمزہ کے قتل کیخلاف پریس کلب سمیت دیگر مقامات پر احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی جائیں گی جبکہ سوشل میڈیا پر بھی حمزہ کے کیس کو اجاگر کیا جائے گا ۔