حیدرآباد میں کریکر دھماکے سے موٹرسائیکل سوار زخمی

دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی، علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا،تحقیقات کررہے ہیں،پولیس


Numainda Express April 29, 2013
دھماکے کی آواز دور دور تک سنائی دی گئی جس سے لطیف آّباد اور اس سے ملحقہ علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا. فوٹو: فائل

لطیف آباد میں موٹرسائیکل پر کریکر بم پھینکا گیا جو زور دار آواز سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل کو نقصان پہنچا اور موٹرسائیکل سوار زخمی ہو گیا۔

تفصیلات کے لطیف آباد ماجی اسپتال کے سامنے نامعلوم افراد کی جانب سے پٹھان گوٹھ میں موٹرسائیکل پر ہینڈ کریکر پھینکا گیاجس سے موٹرسائیکل تباہ ہوگئی جبکہ موٹرسائیکل کا مالک لال ولی زخمی ہو گیا۔ دھماکے کے بعد پولیس اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد وہاں پہنچ گئی۔ دھماکے کی آواز دور دور تک سنائی دی گئی جس سے لطیف آّباد اور اس سے ملحقہ علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لال ولی کے مطابق وہ یہاں اپنی موٹرسائیکل پر کھانا کھانے آیا تھا اور موٹرسائیکل کھڑی کی ہی تھی کہ کسی نے کوئی چیز پھینکی، جس کے بعد زور دار دھماکہ ہوا ۔



بم ڈسپوزل اسکواڈ کے انچارج عبدالسیلم وسطرو کا کہنا ہے کہ دھماکہ معمولی نوعیت کا تھا۔ ایس ایس پی حیدرآباد ثاقب اسماعیل نے کہاکہ دھماکے کی نوعیت اور اس میں ملوث افراد کے حوالے سے تحقیقات کر رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی ایسا ہوتا آیا ہے کہ بہت سی پارٹیاں ہڑتال کی کال سے پہلے رات میں ایسی کارروائیاں کرتی ہیں، تاہم معاملہ کی تحقیقات کے بعد بھی مزید کچھ کہا جا سکے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ ہڑتال کی کال کے بعد حفاظتی انتظامات کے طور پر ریلوے ٹریکس پر انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں۔