چیمپئنز ٹرافی آفریدی اورعمراکمل کا انتخاب سلیکٹرز مشکل میں پڑ گئے

تجربہ کار آل رائونڈر کے انگلینڈ جانے والے اسکواڈ میں جگہ بنانے کیلیے چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف کا ووٹ اہم ہوگا.


Sports Reporter April 29, 2013
ایونٹ کیلیے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان آج متوقع، کپتان مصباح ، حفیظ ، سعید اور یاسر عرفات کے فٹنس ٹیسٹ آج ہونگے، کیمپ 3 مئی سے ایبٹ آباد میں لگایا جائیگا. فوٹو: آئی سی سی

KARACHI: چیمپئنز ٹرافی کیلیے قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان آج متوقع ہے،کپتان مصباح الحق،محمد حفیظ،سعید اجمل اور یاسر عرفات کے فٹنس ٹیسٹ مکمل ہونے کے بعد تمام کھلاڑیوں کی رپورٹ جائزے کیلیے سلیکشن کمیٹی کے حوالے کردی جائے گی۔

اسکواڈ تشکیل دینے کے بعد حتمی فہرست کی منظوری چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف دینگے، سب سے زیادہ بحث شاہد آفریدی، عمر اکمل اور وہاب ریاض کی شمولیت پر ہوگی، یونس خان کو شامل کرنے کا آپشن رد کیے جانے کی صورت میں کسی نوجوان پلیئر کی لاٹری نکل سکتی ہے، انگلینڈ کی کنڈیشنز کو پیش نظر رکھتے ہوئے کم از کم 4 فاسٹ بولرز کو ساتھ لے جانے پر سنجیدگی سے غور ہوگا، سلیکٹرز نے فٹنس کو پہلی ترجیح قرار دیدیا۔

تفصیلات کے مطابق چیف سلیکٹر اقبال قاسم کی پیر کو لاہور آمد کے بعد چیمپئنز ٹرافی کیلیے قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان کیے جانے کا امکان ہے،لاہور اور کراچی میں فٹنس ٹیسٹ مکمل ہوچکے، نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں پیر کو ہی مصباح الحق،محمد حفیظ،سعید اجمل اور یاسر عرفات کی جسمانی استعداد جانچنے کے بعد رپورٹس مکمل کرکے سلیکشن کمیٹی کے سپرد کردی جائیں گی، ایک سلیکٹر کے مطابق میگا ایونٹ کے پیش نظر فارم اور فٹنس دونوں میں سے کسی ایک پر بھی سمجھوتہ نہیں کرسکتے، انگلینڈ کی کنڈیشنز کو سامنے رکھتے ہوئے ایسا متوازن اسکواڈ تشکیل دینے کی کوشش کرینگے جو مضبوط ٹیموں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کی اہلیت رکھتا ہو۔

انھوں نے کہا کہ دورہ جنوبی افریقہ،ڈومیسٹک ٹوئنٹی20 اور ون ڈے ٹورنامنٹس میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ اس بار کھلاڑیوں کو فٹنس ٹیسٹ کے طویل مراحل سے بھی گذارا گیا ہے تاکہ پروٹیز کیخلاف سیریز جیسے مسائل ٹیم کی مہم کو کمزور نہ بنائیں، جونیئر یا سینئر کو خاطر میں لائے بغیر سپر فٹ کرکٹرز کو ہی انگلینڈ روانہ کیا جائے گا، ممکنہ تبدیلیوں کے سوال پر انھوں نے کہا کہ ابھی کچھ معاملات زیر غور ہیں، اجلاس میں بات چیت کے بعد ہی کسی نتیجے پر پہنچیں گے فی الحال کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔



ذرائع کے مطابق سلیکٹرز کیلیے سب سے مشکل فیصلہ شاہد آفریدی اور عمر اکمل کی شمولیت کے حوالے سے ہوگا، اس ضمن میں چیئرمین پی سی بی کا ووٹ حتمی کردار ادا کرسکتا ہے، انگلینڈ میں کھیلنے کا تجربہ اہم قرار پایا تو آفریدی کیلیے ون ڈے کرکٹ کے دروازے کھلے رہیں گے، بصورت دیگر اسپن بولنگ کا بوجھ اٹھانے کیلیے شعیب ملک کو تیار رہنا ہوگا، کامران اکمل کے ساتھ ریزرو وکٹ کیپر کی ضرورت محسوس کی گئی تو عمراکمل اسکواڈ میں جگہ بنالیں گے۔

مڈل آرڈر کو مضبوط بنانے کیلیے ان فٹ عمر گل کی جگہ یونس خان کو شامل کرنے کا آپشن بھی زیر غور آتا رہا ہے، اس تجویز کو رد کیے جانے کی صورت میں کسی نوجوان بیٹسمین کی لاٹری نکل سکتی ہے جس کیلیے اسد شفیق کا ساتھ دینے کیلیے حارث سہیل اور عمر امین مضبوط امیدوار ہیں، اوپنرز میں محمد حفیظ اور عمران فرحت فیورٹ ہوں گے جبکہ ناصر جمشید اور احمد شہزاد کو بھی نظر انداز کرنا آسان نہیں ہوگا، فاسٹ بولنگ میں جنید خان اور محمد عرفان کے ساتھ 2 بولرز وہاب ریاض اور اسد علی کی شمولیت کا امکان ہے۔

اسپن کے شعبے میں سعید اجمل کا ساتھ دینے کیلیے محمد حفیظ تو موجود ہیں، ضرورت پڑنے پر تجربہ کار عبدالرحمان کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کی آپشن بھی برقرار رکھنے کی کوشش کی جائے گی۔ یاد رہے کہ 8 ملکی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ 6 سے 23جون تک شیڈول ہے، پاکستان کے منتخب اسکواڈ کا تربیتی کیمپ 3 مئی سے ایبٹ آباد میں شروع ہوگا۔