ہرارے ٹیسٹ کامیابی بنگلہ دیش سے 6وکٹ کی دوری پر رہ گئی

ناصر کی ففٹی، فتح کیلیے 401 کا تعاقب کرنے والی زمبابوین ٹیم کے 138 پر 4 آئوٹ۔


Sports Desk April 29, 2013
ناصر کی ففٹی، فتح کیلیے 401 کا تعاقب کرنے والی زمبابوین ٹیم کے 138 پر 4 آئوٹ.فوٹو: رائٹرز

دوسرے ٹیسٹ میں فتح بنگلہ دیش سے صرف 6 وکٹوں کی دوری پر رہ گئی، زمبابوے نے فتح کیلیے درکار 401 رنز ہدف کے جواب میں 138 رنز پر چار وکٹیں کھو دیں، سیریز میں فتح کا ذائقہ چکھنے کے لیے تین سیشنز تک بیٹنگ کرنا ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق ہرارے میں جاری دوسرے ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کی کامیابی کا امکان انتہائی روشن دکھائی دے رہا ہے۔ زمبابوے کو فتح کیلیے 401 رنز کا ہدف ملا جس کے جواب میں انھوں نے چوتھے روز کے اختتام تک 138 رنز پر چار وکٹیں گنوا دی ہیں۔ چاکابوا 22 رنز بناکر شکیب الحسن کی گیند پر بولڈ ہوئے، دوسرے اوپنر ووسی سبانڈا کا صفایا بھی شکیب کے ہاتھوں ہی ہوا، انھوں نے سوہاگ غازی کا کیچ بننے سے قبل 32 رنز اسکور کیے، ان کے کپتان برینڈن ٹیلر کو 10 کے انفرادی اسکور پر ضیاء الرحمان نے ایل بی ڈبلیو کیا، 118 کے مجموعے پر گرنے والی چوتھی وکٹ میلکولم والر کی تھی، جنھوں نے 15 رنز اسکور کیے، جب کھیل کا کم روشنی کی وجہ سے اختتام کیا گیا تو ہیملٹن مساکیڈزا 46 اور شنگی مساکیڈزا 7 رنز پر کھیل رہے تھے۔



شکیب اور ضیاء نے دودو وکٹیں لیں۔ اس سے پہلے بنگلہ دیش نے 163 رنز 5 وکٹوں سے دن کا آغاز کیا، مشفیق الرحیم نے 93 رنز بنائے، انھیں ہیملٹن مساکیڈزا نے سبانڈا کی مدد سے قابو کیا، ضیاء الرحمان بغیرکھاتہ کھولے کریمبر کی گیند پر اسٹمپڈ ہوئے، سوہاگ غازی بھی ہیملٹن مساکیڈزا کا شکار ثابت ہوئے، 11 رنز پر ان کا کیچ ووسی سبانڈا نے تھاما، ساجد الاسلام 4 رنز پر شنگی مساکیڈزا کو کاٹ بی ہائنڈ کرایا، بنگلہ دیش نے 400 کی برتری حاصل ہونے پر 9 وکٹ 291 رنز پر اپنی دوسری اننگز ڈیکلیئرڈ کردی، ناصرحسین 67 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔ شنگی مساکیڈزا نے 4 جبکہ ہیملٹن نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔