انڈر 14 فٹبال پاکستان نے بھارت کا قصہ تمام کردیا

بلوشرٹس فائنل رائونڈ کی دوڑ سے باہر، 2-0 سے کامیابی نے گرین شرٹس کی امیدوں کو روشن کردیا۔


Sports Desk April 29, 2013
مقبول ترین کھیل میں پاکستان کا مستقبل تابناک ہے، قومی ٹیم آج بڑا کارنامہ انجام دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، صدرو سیکریٹری پاکستان فٹبال فیڈریشن۔ فوٹو: فائل

اے ایف سی انڈر 14فٹبال کوالیفائرز میں پاکستان نے بھارت کی فائنل مرحلے میں رسائی کی خواہش حسرت میں بدل دی۔ گرین شرٹس نے 2-0 سے کامیابی سمیٹی۔

اتوار کو دوسرے میچ میں ایران کرغزستان کو 9-1 سے شکست دیکر گروپ میں سرفہرست آگیاہے، آج میزبان کیخلاف فتح ہی پاکستان کو فائنل مرحلہ کھیلنے کی خوشی فراہم کرسکتی ہے، ہار یا مقابلہ برابر رہنے کی صورت میں گرین شرٹس کے ہاتھ مایوسی کے سوا کچھ نہیں آئے گا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق ایران کے شہر مشہد میں جاری ایشین فٹبال کنفیڈریشن گروپ ڈی کوالیفائرز میںپاکستان نے روایتی حریف بھارت کیخلاف 2 گول سے کامیابی سمیٹتے ہوئے فائنل رائونڈ میں رسائی کی خواہش کو حسرت میں بدل دیا۔ ثمن الایمن اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں گرین شرٹس اسکواڈ نے مربوط حکمت عملی کے تحت حریف کھلاڑیوں کو دبائو میں رکھا۔

قومی ٹیم نے دفاعی انداز اپنایا۔ پاکستان کی جانب سے مڈفیلڈر محمد اخلاص نے9 ویں منٹ میں دلکش فیلڈ گول داغتے ہوئے ٹیم کو برتری دلادی جس کے بعد دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر بھرپور حملے کیے مگر کوئی اسکور نہ کرسکا۔ 30 منٹ پر مشتمل پہلا ہاف 1-0 کی برتری سے پاکستان کے نام رہا۔ دوسرے ہاف میں بھی قومی ٹیم مینجمنٹ نے بہت زیادہ تجربات سے گریز کرتے ہوئے میچ کے آغاز میں میدان میں اتارے جانے والے کھلاڑیوں کو موقع فراہم کیا۔ میچ کے 45 ویں منٹ میں مڈفیلڈر مجید خان نے پاکستان کی طرف سے دوسرا گول اسکور کردیا۔ جس کے بعد حریف پلیئرز کے حوصلے مکمل طور پر جواب دے گئے۔



گرین شرٹس نے میچ کے دوران صرف ایک متبادل کھلاڑی کو موقع فراہم کیا ۔ مقابلے میں پاکستانی کھلاڑیوںکو 3 یلو کارڈ دکھائے گئے جبکہ بھارتی پلیئرز نے ایک بار بھی ریفری کو شکایت کا موقع فراہم نہ کیا۔ روایتی حریف کو زیر کرنے کے بعد پاکستان کو اتوار کے روز کرغزستان کو 9-1 سے ٹھکانے لگانے والی گروپ کی سرفہرست ایرانی ٹیم کو زیر کرنا ہوگا۔ ایران اور پاکستان کی ٹیمیں اپنے ابتدائی تینوں مقابلے جیتے ہوئے 9،9 پوائنٹس حاصل کرچکی ہیں مگر بہتر گول اوسط نے میزبان ٹیم کو گروپ میں ٹاپ پر لا کھڑا کیا ہے۔

روایتی حریف کیخلاف فتح پر پاکستان فٹبال فیڈریشن کے عہدیداروں نے ٹیم انتظامیہ اور کھلاڑیوں کو مبارکباد دی ہے، صدر پی ایچ ایف فیصل صالح حیات کا کہنا ہے کہ نوعمر کھلاڑیوں کے ٹیلنٹ کو دیکھتے ہوئے کہا جاسکتاہے کہ دنیا میں سب سے زیادہ کھیلے جانے والے کھیل میں پاکستان کا مستقبل روشن ہے۔ سیکریٹری احمد یار خان لودھی نے امید ظاہر کی کہ پاکستان ٹیم پیرکو ایران کو زیر کرتے ہوئے پاکستانیوں کیلیے بہت بڑی خوشی کا موقع فراہم کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ دونوں ٹیمیں برابر ہیں ، اس میں کوئی شک نہیں کہ میزبان ٹیم کو ہوم گرائونڈ کا ایڈوانٹج ہوگا مگر گرین شرٹس ایونٹ کے دیگر مقابلوں والی حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترے تو فتح ضرور حاصل ہوگی۔