ایشین اسنوکر ورلڈ چیمپئن محمد آصف کی پیش قدمی جاری

قطر کے محسن کومات دیکر مسلسل دوسری کامیابی پائی ، سجاد بھی فتح کی راہ پر گامزن۔


Sports Reporter April 29, 2013
قطر کے محسن کومات دیکر مسلسل دوسری کامیابی پائی ، سجاد بھی فتح کی راہ پر گامزن۔ فوٹو: فائل

29ویں ایشین اسنوکر چیمپئن شپ دلچسپ مرحلہ میں داخل ہو گئی، پاکستان بلیئرڈ اینڈ اسنوکر فیڈریشن کے تحت مقامی ہوٹل میں جاری اس چیمپئن شپ میںدوسرے روز بھی عالمی چیمپئن محمد آصف نے اپنی پیش قدمی جاری رکھی اور قطر کے محسن بخشیاشی کو باآسانی 4-0 سے زیر کر کے مسلسل دوسری کامیابی حاصل کی۔

سابق ایشین نمبر2محمد سجاد نے منگولیا کے الزیٹوگتوف داواسورن کو کسی مزاحمت کے بغیر 4-0 سے ہراکر اپنا تیسرا میچ بھی جیت لیا،دو میچ جیتنے کے بعد قومی چیمپئن حمزہ اکبر کو تیسرے میچ میںشکست کا ذائقہ چکھنا پڑا، شام کے کرم فاطمہ نے حمزہ کو سخت مقابلے کے بعد 4-3 سے زیر کیا۔



پاکستان کے ایک اور کیوئسٹ ابو صائم نے اپنے ابتدائی دونوں میچوں میں شکست سے ہمکنار ہونے کے بعد تیسرے میچ میں تھائی لینڈ کے یوٹاپوپ پاکپوجی کو 4-2 سے ہرا دیا،عبالستار کو اپنے دوسرے میچ میں بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا،ان کو افغانستان نے محمد رئیس سینزئی نے دلچسپ مقابلے کے بعد 4-3 سے شکست دی،عمران شہزاد بھی افغانستان کے صالح محمد کے ہاتھوں 4-1 کی ہزیمت سے دوچار ہوئے۔