برازیل 9 ستمبر کو پرتگال سے دوستانہ فٹبال میچ کھیلے گا

تزئین و آرائش کے بعد فیفا ورلڈ کپ کے لیے تیار ماریکانا اسٹیڈیم کا افتتاح ہوگیا.


Sports Desk April 29, 2013
تزئین و آرائش کے بعد فیفا ورلڈ کپ کے لیے تیار ماریکانا اسٹیڈیم کا افتتاح ہوگیا. فوٹو: فائل

برازیل 9 ستمبر کو پرتگال سے دوستانہ فٹبال میچ بوسٹن اسٹیڈیم میں کھیلے گا۔

اس بات کا اعلان برازیلین فٹبال کنفیڈریشن ( سی بی ایف) نے کیا، برازیل میں 15 سے30 جون تک شیڈول کنفیڈر یشن کپ کے بعد جنوبی امریکن سائیڈ کا یہ تیسرا دوستانہ میچ ہوگا، لوئز فلپ اسکولیری کی زیرکوچنگ برازیلین ٹیم 14 اگست کو باسل میں سوئٹزرلینڈ کا سامنا کرے گی جبکہ اس کے بعد 6 ستمبر کو بھی ان کا میچ ہونا ہے لیکن ابھی اس کے حریف کا فیصلہ نہیں ہوپایا ہے، اس کے علاوہ سی بی ایف نے اعلان کیا کہ برازیل اور ارجنٹائن 18 ستمبر سے یکم اکتوبر تک شیڈول امریکن ٹرافی میں بھی مدمقابل آئیں گے۔



دوسری جانب ریو ڈی جنیرو میں واقع ماریکانا اسٹیڈیم کو فیفا ورلڈ کپ کے لیے تزئین وآرائش کے بعد ہفتے کی شب باضابطہ طور پر کھول دیاگیا، اسٹیڈیم کو تعمیراتی کام کے سلسلے میں تین برس بند رکھا گیا تھا، اسٹیڈیم کے ازسرنو افتتاح پر سابق ورلڈ کپ فاتح کپتانوں کی زیرقیادت ٹیموں کے درمیان نمائشی میچ کھیلا گیا، جس میں برازیل کی صدر ڈیلما روئیسف کو بھی مدعوکیاگیا تھا، مقابلے کو 28 ہزار افراد نے دیکھا، رونالڈو اور ببیٹو نے ٹیموں کی قیادت کی، جون میں اسی میدان پر کنفیڈریشن کپ کے میچز سے قبل مزید آزمائشی ایونٹس منعقد کیے جائیں گے، وینیو کو فیفا ورلڈ کپ 2014 کے بعد 2016 میں شیڈول ریواولمپکس گیمز میں بھی استعمال کیا جائیگا، تزئین و آرائش کے بعد اس گرائونڈ پر اب 2 جون کو انگلینڈ اور برازیل کے درمیان شیڈول دوستانہ میچ پہلا انٹرنیشنل ہوگا۔