انتخابی دفاتر پر حملے کھلی دہشت گردی ہےمحمد حسین محنتی

شہر میں پے در پے بم دھماکے انتخابی عمل کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہیں.


Staff Reporter April 29, 2013
نوجوان لٹیروں اور بھتہ خوروں سے نجات کیلیے اپنا کردار ادا کریں،نعمت اللہ خان۔ فوٹو: فائل

جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کے انتخابی دفاتر کے باہر پے در پے بم دھماکے انتخابی عمل کو سبوتاژ کرنے کی سازش اور قابل مذمت عمل ہے۔

بم دھماکوں کا مقصد شہریوں کو خوفزدہ کرنا ہے ، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور نگراں حکومت اس صورتحال پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں،نگراں حکومت اسی طرح بے حسی کا مظاہرہ کرتی رہی تو دہشت گرد مذموم مقاصد میں کامیاب ہو جائیں گے،دریں اثنا جماعت اسلامی این اے250 کے تحت سابق سٹی ناظم وامیدوار قومی اسمبلی نعمت اللہ خان ایڈووکیٹ کی زیر قیادت انتخابی ریلی نکالی گئی، ریلی کا آغاز مرکزی الیکشن آفس دہلی کالونی سے کیا گیا۔



ریلی میں جماعت اسلامی کے علاوہ مسلم لیگ ن اور جماعت اسلامی کے متفقہ امیدوارپی ایس 113سلیم ضیا بھی کارکنوں کے ہمراہ شامل ہوگئے،اس موقع پر شرکا سے خطاب میں نعمت اللہ خان نے کہاکہ نوجوانوں کی اتنی بڑی تعداد میں انتخابی مہم میں شرکت ظاہر کرتی ہے کہ نوجوان جماعت اسلامی کے ساتھ ہیں،نوجوان ملک کا مستقبل ہیں اور چوروں لٹیروں ، بھتہ خوروں اور ٹارگٹ کلرز کے سرپرستوں سے نجات کیلیے اپنا کردار ادا کریں، نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن جماعت اسلامی کے کارکنوں پر تشدداور انتخابی بینرز اتارے جانے کے واقعات کا نوٹس لیں۔