سیاسی رہنماؤں ک اتحمل دہشتگردوں کی بڑی ناکامی ہے زاہد قربان

حکومت شفاف اوربروقت انتخابات کاانعقادیقینی بنائے گی،نگراںوزیراعلیٰ سندھ


Staff Reporter April 29, 2013
حکومت شفاف اوربروقت انتخابات کاانعقادیقینی بنائے گی،نگراںوزیراعلیٰ سندھ۔ فوٹو: اے پی پی/فائل

سندھ کے نگراںوزیراعلیٰ جسٹس(ر) زاہدقربان علوی نے کہاہے کہ موجودہ حکومت شفاف انتخابات کا بروقت انعقاد یقینی بنائے گی۔

دہشت گرد اور ملک دشمن عناصر کی عام انتخابات کے التوا کی کوششوں کو ناکام بنادیں گے،سیاسی رہنماؤںکاتحمل دہشتگردوںکیلیے بڑی ناکامی ہے۔ وہ اتوار کو وزیراعلیٰ ہائوس میں امن و امان سے متعلق ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ اجلاس میں نگراںوزیراعلیٰ سندھ کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کراچی کی موجودہ صورتحال سے متعلق تفصیلی رپورٹ دیتے ہوئے یقین دلایاکہ امن و امان کیلیے تمام تر اقدامات کیے جا رہے ہیں اور چند روز میں صورتحال بہتر ہونا شروع ہوجائے گی۔

انھوں نے بتایاکہ پولیس اور رینجرز نفری وسائل کی کمی کے باوجود کراچی کے مختلف علاقوں میں مجرموں اور دہشت گرد عناصر کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کررہی ہے جس میں متعدد ٹارگٹ کلرز سمیت بڑی تعداد میں شرپسند عناصر کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔ اجلاس میں صوبائی وزیر اطلاعات نورالہدیٰ شاہ اور صوبائی سیکریٹری داخلہ، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری نویدکامران بلوچ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہوں نے شرکت کی۔ نگراںوزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ کراچی میں سیاسی جماعتوں کے دفاتر اور انتخابی کیمپ کے اطراف میں ناخوشگوار واقعات کے سدباب کے لیے حکومت ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے۔



 

انھوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کو تحفظ اور سیاسی جماعتوں کے دفاتر کے اطراف میں سیکیورٹی کے سخت سے سخت اقدامات کیے جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ عوام الناس کے لیے ایسا ماحول پیدا کیاجائے گاکہ وہ بلا خوف و خطر اپنا حق رائے دہی استعمال کرسکیں۔ انھوں نے کہاکہ دہشت گرد اور ملک دشمن عناصر لوگوں کو خوفزدہ کرنا چاہتے ہیں مگر موجودہ حکومت عوام اور سیاسی جماعتوں کے تعاون سے ان کے عزائم ناکام بنادے گی۔

انھوں نے تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہوں کے صبروتحمل اور برداشت کا مظاہرہ کرنے کے جذبے کو سراہا اور اسے دہشت گرد عناصر کے لیے ایک بڑی ناکامی قراردیا اور کہاکہ 30اپریل کے اے پی سی اجلاس میں تمام سیاسی جماعتوں کے باہمی مشوروں اور تجاویز کی روشنی میں مزید اقدامات کیے جائیں گے۔