ٹی بی کے خلاف ادویہ میں وٹامن سی کے مؤثر کردار کا انکشاف

ویب ڈیسک  پير 18 جون 2018
وٹامن سی کو اگر دواؤں کے ساتھ ملاکر دیا جائے تو اس سے ٹی بی کا مؤثر انداز میں خاتمہ ممکن ہے۔ فوٹو: فائل

وٹامن سی کو اگر دواؤں کے ساتھ ملاکر دیا جائے تو اس سے ٹی بی کا مؤثر انداز میں خاتمہ ممکن ہے۔ فوٹو: فائل

نیویارک: ٹی بی کے بروقت علاج کی صورت میں بھی یہ بیماری چھ ماہ سے کئی برس کی ادویہ باقاعدگی سے کھانے کے بعد ہی دور ہوتی ہے۔ اب انکشاف ہوا ہے کہ تپِ دق کے خلاف ادویہ کے ساتھ ساتھ اگر وٹامن سی کی مناسب خوراک کھائی جائے تو ادویہ کی تاثیر بڑھنے سے مریض کو بہت افاقہ ہوتا ہے۔

نیویارک میں واقع البرٹ آئن اسٹائن کالج آف میڈیسن کے ماہرین نے کہا ہے کہ وٹامن سی کے بہت سے طبی فوائد ہیں اور اب ایک نئے مطالعے سے معلوم ہوا ہےکہ وٹامن سی ٹی بی کی معروف دواؤں کی افادیت بڑھا دیتا ہے۔ اس کے علاوہ وٹامن سی اس مرض کی علاج کی مدت کو بھی کم کرتا ہے۔

ماہرین نے اسے چوہوں اور زندہ انسانی بافتوں (ٹشوز) پر آزمایا ہے۔ پہلے تجربے میں ٹی بی میں مبتلا چوہے لیے گئے اور انہیں تین طرح کی خوراکیں دی گئیں۔ یہ خوراکیں صرف وٹامن سی، صرف ٹی بی کے خلاف ادویہ اور ٹی بی کی ادویہ کے ساتھ وٹامن سی بھی دیا گیا ۔ اس طرح 4 اور 6 ہفتوں بعد چوہوں کا معائنہ کیا گیا۔

ماہرین نے انکشاف کیا کہ جن چوہوں کو صرف وٹامن سی دیا گیا ان پر کوئی اثر نہیں ہوا، تاہم ٹی بی کی مشہور دوائیں، آری فیمبیسائن، اور آئسونائزڈ کو جب وٹامن سی کے ساتھ کھلایا گیا تو بغیر وٹامن سی والی دواؤں کے مقابلے میں اس نے سب سے تیزی سے ٹی بی کو ختم کیا اور اس کے بہترین نتائج سامنے آئے۔

اسی طرح تجربہ گاہ میں ٹشوز پر بھی دواؤں کے ساتھ وٹامن سی کا بھرپور اثر ہوا اور مرض ٹھیک ہونے کی مدت ایک ہفتے تک جاپہنچی ۔ اس طرح یہ بات سامنے آئی کہ وٹامن سی ٹی بی کی دواؤں کو بہت مؤثر بنادیتا ہے۔

واضح رہے کہ ٹی بی کی ایک مشکل قسم وہ ہے جس میں ٹی بی کئی اقسام کی دواؤں کو بے اثر بنادیتی ہے جس کے علاج میں برسوں لگ جاتے ہیں اور ساتھ میں دواؤں کے خوفناک سائیڈ افیکٹس بھی ہوتے ہیں۔ ماہرین کا خیال ہے وٹامن سی ٹی بی کے جراثیم مارنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

ٹی بی کی روک تھام اور کامیاب علاج کے باوجود بھی دنیا بھر میں ہر سال لاکھوں افراد اس مرض کے ہاتھوں لقمہ اجل بن رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔