ہوا کے کم دباؤ سے آج گرمی بڑھنے کا امکان درجہ حرارت 38 ڈگری ہو جائے گا

شہرمیں بونداباندی کافی الحال مزیدامکان نہیں، محکمہ موسمیات


Staff Reporter June 19, 2018
پیرکودرجہ حرارت35ڈگری سینٹی گریڈریکارڈکیاگیا،دن بھرہوامیں نمی کاتناسب بڑھنے سے گرمی کی حدت زیادہ محسوس کی گئی۔ فوٹو: فائل

محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کے کم دباؤ کے باعث آج کراچی میں گرمی بڑھنے کا امکان ہے اور درجہ حرارت بڑھ کر 38 ڈگری سینٹی گریڈ ہوجائے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج (منگل) کو گرمی کا پارہ گزشتہ روز کے مقابلے میں 3 ڈگری اضافے سے 38 ڈگری کو چھوسکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے عیدالفطر سے قبل کی گئی 3 روزہ پیش گوئی کے مطابق عید تعطیلات کے دوران کچھ وقت کے لیے نمی میں اضافے کے علاوہ مجموعی طور پر موسم خوشگوار ہا تیز رفتار سمندری ہواؤں کی وجہ سے شہر میں غیر معمولی گرمی کی کیفیت طاری نہیں ہوئی تاہم پیرکو شہر کا مطلع صبح کے وقت جزوی ابرآلود اور دوپہر اور شام کے وقت معمولی گرم اور مرطوب رہا صبح کے وقت 75 فیصد تک بڑھنے والا نمی کا تناسب شام تک61 فیصد رہا جس کی وجہ سے گرمی کی حدت زیادہ محسوس کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر عبدالرشید کے مطابق بالائی سندھ پر موجود ہو اکے کم دباؤ کی وجہ سے آج (منگل )کو پارہ ایک بار پھر بڑھ کر38 ڈگری کو چھوسکتا ہے جس کی وجہ سے شہر میں گرمی رہے گی تاہم منگل کے بعد شہر کا درجہ حرارت پھر سے کم ہوکر 35 ڈگری سینٹی گریڈ پر آنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق عید پر سمندر کے نچلی سطح کے بادلوں کی وجہ سے ہونے والی بوندا باندی کا فی الحال مزید امکان نہیں ہے۔