پسند کی شادی کا معاملہ روہڑی میں فائرنگ سے باپ 2 بیٹوں سمیت قتل

چاند رات کو گاؤں بصرمیتلومیں شب 12 سے زائد مسلح افرادنے گھر میں گھس کرگولیاں برسادیں، امداد میتلو


Numainda Express June 19, 2018
اہلیہ گلزار، بیٹی منور، نبیلہ اسپتال منتقل، میتلو برادری کا قومی شاہراہ پر دھرنا، ٹریفک معطل، خورشید شاہ سے مذاکرات پر مظاہرین منتشر۔ فوٹو: فائل

پسند کی شادی کے معاملے پر عید کی شب مسلح افراد نے گھر پر حملہ کرکے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں باپ اور2 بیٹے جاں بحق جبکہ ماں اور 2 بیٹیاں زخمی ہو گئیں۔

روہڑی کے قریب جھانگڑو تھانے کی حدود میں واقع گاؤں بصر میتلو میں عیدکی شب ساڑھے8 بجے 12 مسلح افراد نے امداد میتلوکے گھر کو چاروں اطراف سے گھیرکر گولیاں برسا دیں اور گھر میں داخل ہوکر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں گھر میں موجود امداد میتلو اور اس کے2 بیٹے وسیم اور نواز گولیاں لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ امداد میتلوکی بیوی گلزار اور بیٹیاں منور اور نبیلہ بھی گولیاں لگنے کے باعث شدید زخمی ہوگئیں۔

بعدازاں مسلح ملزمان ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے باآسانی فرار ہوگئے، زخمی خواتین کو سول اسپتال سکھر منتقل کردیا گیا جہاں گلزارخاتون کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

دوسری جانب عید کے دوسرے روز میتلو برادری کے سیکڑوںافراد نے قومی شاہراہ غلام بند پولیس چوکی کے مقام پر لاشیں سڑک پر رکھ کر ٹائر نذر آتش کیے اور احتجاجی دھرنا دیا، سڑک کے دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

مقتولین کے ورثا اور مظاہرین کا کہنا تھاکہ ایک سال قبل مقتول امداد میتلوکے بیٹے نظام میتلو نے شہدادکوٹ کی رہائشی بلیدی برادری کی لڑکی شبانہ سے عدالت میں پسندکی شادی کی تھی جس پرفائرنگ کا واقعہ ہوا۔

ادھر پی پی رہنما خورشیدشاہ نے وہاںپہنچ کر ورثا کو انصاف دلانے کی یقین دہانی کرائی جس کے بعد مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوگئے اور مقتولین کو اروڑ کے آبائی قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا۔

علاوہ ازیں پولیس نے ملزمان کے گھر مسمار کردیے اور مختلف علاقوں میں ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپوں کا سلسلہ جاری رکھاجبکہ عیدکے تیسرے دن پیر کو مقتولین کے ورثا مقدمے کے اندراج کیلیے جھانگڑو تھانے میں موجود تھے اور تھانے میں مقدمے کے اندراج کی کارروائی آخری مراحل میں تھی۔

مقبول خبریں