عمران خان کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے پر ریٹرننگ آفیسر کو نوٹس جاری

ویب ڈیسک  جمعرات 21 جون 2018
عمران خان کے این اے 53 سے کاغذات نامزدگی مسترد کئے گئے تھے فوٹو: فائل

عمران خان کے این اے 53 سے کاغذات نامزدگی مسترد کئے گئے تھے فوٹو: فائل

اسلام آباد: الیکشن اپیلیٹ ٹریبونل نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 53 سے عمران خان کے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جانے پر ریٹرننگ آفیسر کو  نوٹس جاری کرتے ہوئے مکمل ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیلیٹ ٹربیونل جسٹس محسن اخترکیانی نے قومی اسمبلی حلقہ این اے 53 سے عمران خان کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔

ٹریبونل کے روبرو عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے موقف اختیار کیا کہ عمران خان نے این اے 53 سے انتخابات لڑنے کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے لیکن 19 جون کو جانچ پڑتال کے بعد عمران خان کے کاغذات نامزدگی کمزور بنیاد پر مسترد کردئیے گئے۔ ان کے موکل نے نہ حقائق چھپائےاور نہ ہی غلط بیانی کی، اگرکوئی غلطی ہوئی ہےتوریٹرننگ افسر اس کو دور کرے، استدعا ہے کہ ریٹرننگ افسر کے فیصلے کو کالعدم قرار دے کر کاغذات نامزدگی منظور کیے جائیں۔ اپیلیٹ ٹریبیونل نے ریٹرننگ افسر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کل تک مکمل ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بابر اعوان نے کہا کہ وزیراعظم کوحکمرانی نہیں نگرانی ملی ہے، چاروں صوبوں کے گورنرز کو ہٹایاجائے کیونکہ ان کی موجودگی میں صاف الیکشن نہیں ہوسکتے۔ اسلام آباد میں چیئرمین سی ڈی اے اور ڈی سی پرانا لگا ہوا ہے،  این اے52 اور 54 میں ابھی تک 35 پنکچر والے امپائر بیٹھےہیں۔

واضح عمران خان کے این اے 53 سے کاغذات نامزدگی مسترد کئے گئے تھے جس کے خلاف انہوں نے اپیلیٹ ٹریبونل میں درخواست دائر کی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔