سعد رفیق 17 کروڑ روپے سے زائد کے اثاثوں کے مالک

ویب ڈیسک  جمعرات 21 جون 2018

 اسلام آباد: سابق وزیر ریلوے اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق کے اثاثوں کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔

الیکشن کمیشن میں فراہم کردہ دستاویزات کے مطابق سابق وزیر ریلوے کے پاس صرف 17 کروڑ 84 لاکھ کے اثاثے ہیں جب کہ وہ 2 کروڑ کے مقروض بھی ہیں، سعد رفیق اور بھائی سلمان رفیق وراثتی گھر میں ایک لاکھ 25 ہزار روپے کے مالک ہیں، ڈیفنس فیز ٹو میں واقع رہائشی گھر کی مالیت 4 کروڑ 82 لاکھ جب کہ پھلروان میں 3 کروڑ 46 لاکھ روپے مالیت کی 16 کنال اراضی کے مالک ہیں۔

سعد رفیق کی سعدین ایسوی ایٹس کی مالیت 2 کروڑ 98 لاکھ روپے ہے اس کے علاوہ ایک کروڑ 40 لاکھ روپے کا کیش پرائز بانڈ اور 15 لاکھ کا بنک بیلنس ہے جب کہ 25 لاکھ روپے مالیت کا فرنیچر اور ایک کروڑ 15 لاکھ روپے کے شیئرز ہولڈر ہیں۔

سعدرفیق نے حلف نامہ میں 2 بیویاں غزالہ سعد رفیق اور شفق حرا جب کہ 2 بیٹیوں اور بیٹے کا ذکر کیا ہے، سعد رفیق نے 2015 میں 2 کروڑ 26 لاکھ آمدن پر 29 لاکھ، 2016 میں 2 کروڑ 99 لاکھ آمدن پر 39 لاکھ جب کہ2017 میں 3 کروڑ 89 لاکھ روپے آمدن پر 52 لاکھ انکم ٹیکس اداکیا، اس کے علاوہ سابق وزیر ریلوے نے 3 سال میں کوئی زرعی انکم ٹیکس ادا نہیں کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔