باکسنگ لیگ آغاز سے قبل تنازع کا شکار کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا اعلان لاتعلقی

فیڈریشن ایسے کسی ایونٹ یا لیگ کا حصہ نہیں بنے گی، صدر ناصر اعجاز لنگ


Sports Reporter June 22, 2018
فیڈریشن ایسے کسی ایونٹ یا لیگ کا حصہ نہیں بنے گی، صدر ناصر اعجاز لنگ۔ فوٹو: فائل

پاکستان میں شروع ہونے والی پہلی پروفیشنل باکسنگ لیگ آغاز سے قبل ہی متنازع حیثیت اختیار کرنے لگی۔

پاکستان باکسنگ فیڈریشن کی جانب سے مخالفت کا شکار ہونے والی اس لیگ سے پی ایس ایل کی معروف فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے عدم تعلقی کا اعلان کردیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ترجمان نے اعلامیہ میں کہا گیاکہ ہم سپر باکسنگ لیگ میں ایک فرنچائز کی خیریداری کے لیے حقوق حاصل کرنے کے سلسلے میں بات چیت کر رہے تھے لیکن یہ معاملہ کسی معاہدے تک نہیں پہنچ سکا، تاہم ہم ایس بی ایل پاکستان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں، امید ہے کہ پی ایس ایل کی طرح یہ بھی کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔

واضح رہے کہ پاکستان باکسنگ فیڈریشن نے مذکورہ لیگ سے لا تعلقی ظاہر کی ہے، فیڈریشن کے صدر ناصر اعجاز لنگ کے مطابق ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس کے بعد متفقہ طور پر طے پایاکہ لیگ آئبا کے قوانین اور قومی فیڈریشن کے آئین کے مطابق نہیں، چنانچہ فیڈریشن ایسے کسی ایونٹ یا لیگ کا حصہ نہیں بنے گی۔