پی آئی اے کا 12جدید طیارے لیز پر خریدنے کا فیصلہ

ادارے کے نقصانات میں ایک ارب روپے ماہانہ کی کمی ہوئی ،چیئر مین پی آئی اے.


Staff Reporter May 01, 2013
ادارے کے نقصانات میں ایک ارب روپے ماہانہ کی کمی ہوئی ،چیئر مین پی آئی اے. فوٹو: فائل

قومی ائیرلائن نے براعظم افریقہ کے لیے پروازیں شروع کرنے پر غورشروع کردیا ہے۔

پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن کے فضائی بیٹرے میں میڈیم رینج کے12 جدید طیارے شامل کیے جائیں گے، ان طیاروں کی لیز پر خریداری کا اصولی فیصلہ کرلیاگیا ہے جس کی ضمانت حکومت پاکستان دے گی،یہ بات چیئرمین پی آئی اے لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ آصف یٰسین ملک نے دو روزہ عالمی مارکیٹنگ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انھوں نے مارکیٹنگ کے شعبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایئر لائن کی بہتری کیلیے تمام ملازمین کو مشترکہ جدو جہد کرنا ہوگی، پی آئی اے کو منافع بخش بنانے کیلیے پروازوں کے دائرہ کارکو وسعت دینا ہوگی تا کہ آمدنی کے ذرائع میں مزید اضافہ کیا جا سکے، انھوں نے شعبہ مارکیٹنگ کو نئی منڈیاں، نئے مقامات کی تلاش اور منافع بخش روٹس پر پروازوں کی تعداد میں اضافے کی ضرورت پر بھی زوردیا ۔



چیئر مین نے کہا کہ پی آئی اے براعظم افریقہ کیلیے پروازیں چلانے کے امکانات کا بھی جائزہ لے رہی ہے،اس سے قبل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے منیجنگ ڈائریکٹر جنید یونس نے کہا کہ ایئر لائن میں ترقی کرنے کی صلاحیت موجود ہے لیکن ہمیں کم ایندھن خرچ کرنے والے طیاروں کی ضرورت ہے، ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی کارکردگی میں بہتری آرہی ہے اورگزشتہ 6 ماہ کے دوران ادارے کے نقصانات میں ایک ارب روپے ماہانہ کی کمی ہوئی ہے۔