بہاول پور صوبہ رواں سال ضرور بحال ہوگا محمد علی درانی

صوبہ بحالی کیلیے تمام سیاسی جماعتوں کی متفقہ قرار داد جمہوریت کی فتح ہے، لیگی وفد سے گفتگو


Numainda Express August 12, 2012
صوبہ بحالی کیلیے تمام سیاسی جماعتوں کی متفقہ قرار داد جمہوریت کی فتح ہے، لیگی وفد سے گفتگو

KARACHI: بحالی صوبہ بہاولپور تحریک کے قائد اور سابق وفاقی وزیر محمد علی درانی سے مسلم لیگ (ن) کے سابق رکن پنجاب اسمبلی اور وزیراعلیٰ ٹاسک فورس کے چئیرمین سمیع اللہ چوہدری کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی جس میں فیصلہ کیاگیا کہ سیاسی تقسیم سے بالاتر ہوکر عیدالفطر کے بعد بہاولپور صوبہ بحالی کی اور اس کے بعد صوبہ میں ''نیا نظام، نئی قیادت''کی بھرپور تحریک کاآغاز کیا جائے گا۔

وفد میں محمد طاہر اور قیوم اعظم بھی شامل تھے محمد علی درانی نے کہا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے بہاولپور صوبہ بحالی کی قرارداد کو متفقہ طور پر صوبائی اسمبلی میں منظور کراکے نئی تاریخ رقم کی گئی ہے جسے کبھی فراموش نہیں کیا جاسکے گا۔ بہاولپور کے عوام مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف وزیراعلی شہباز شریف کے شکر گزار ہیں۔ اس کے ساتھ ہی صوبائی اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں نے قرارداد کو متقفہ طور پر منظور کرکے ثابت کردیا کہ ملک کی تمام سیاسی جماعتیں اور منتخب نمائندے بہاولپور کے عوام کے حق اورصوبے کی بحالی کو تسلیم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہاول پور صوبہ رواں سال ضرور بحال ہوگا۔