خاتون کے قتل میں شوہر اور سسر ملوث نکلے

مصباح کو گلا دبا کر مارا گیا تھا، مقتولہ کے چہرے پر تشدد کے نشان تھے، رپورٹ


Staff Reporter June 29, 2018
قتل میں مقتولہ کی ساس سدرہ اور دیور بلال بھی شامل۔ فوٹو: فائل

RAWALPINDI: پوسٹ مارٹم رپورٹ نے قتل کا معمہ حل کردیا، خاتون نے خود کشی نہیں کی بلکہ پھندا لگا کر قتل کیا گیا۔

پولیس نے مقتولہ کے شوہر اور سسر کو عدالت میں پیش کردیا، جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے مقتولہ مصباح کے قتل میں گرفتار شوہرسراج گل اورسسر معراج گل کو 30 جون تک ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا، عدالت میں تفتیشی افسرکا کہنا تھا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق مقتولہ نے خود کشی نہیں کی بلکہ مصباح کو گلا دبا کر مارا گیا تھا، مقتولہ کے چہرے پر تشدد کے نشان بھی پائے گئے ہیں۔

ملزمان کو پوسٹ مارٹم رپورٹ کی روشنی میں گرفتارکیا ہے، کپڑے نما رسی سے گلہ دبا کر قتل کیا گیا،ملزمان نے مقتولہ مصباح کی موت کو خود کشی قراردیا تھا اورملزمان سراج گل اور سسر معراج گل نے مقتولہ کو خاموشی سے دفنانے کی کوشش کی تھی، ملزمان کا ساتھ دینے میں مقتولہ کی ساس سدرہ اوردیور بلال بھی شامل ہیں، ملزمان کوگرفتار اور آلہ قتل برامد کرنا ہے، ریمانڈ دیا جائے۔

عدالت نے ملزمان کو 30 جون تک ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔