’سنجو‘ ریلیز سے پہلے ہی لیک، فلمسازوں کو کروڑوں کا نقصان

ویب ڈیسک  جمعـء 29 جون 2018
سنسربورڈ نےفلم کے ٹوائلٹ والے سین پر ایکشن لیا لیکن کسی کو بھی آن لائن لیک پرکوئی اعتراض نہیں، صارفین کا شکوہ فوٹوفائل

سنسربورڈ نےفلم کے ٹوائلٹ والے سین پر ایکشن لیا لیکن کسی کو بھی آن لائن لیک پرکوئی اعتراض نہیں، صارفین کا شکوہ فوٹوفائل

ممبئی: سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم ’’سنجو‘‘ آن لائن لیک ہوگئی ہے جس کی وجہ سے فلمسازوں کو کروڑوں روپے کے نقصان کا اندیشہ ہے۔

بالی ووڈ میں  ہر طرف فلم’’سنجو‘‘کے چرچے جاری ہیں اور ہر کسی کی زبان  پر رنبیر کپور کی فلم میں تہلکہ خیز اداکاری کی باتیں ہیں کیونکہ رنبیر کپور نے فلم میں سنجے دت کی زندگی کے مختلف پہلوؤں کو بہت خوبصورتی کے ساتھ پیش کیا ہے، یہی وجہ ہے کہ شائقین فلم کا بے چینی سے انتظار کررہے ہیں،  تاہم آج سنجے دت کے چاہنے والوں کا انتظار ختم ہوا کیونکہ طویل انتظار کے بعد آج ہی وہ دن ہے جب فلم بھارت سمیت پوری دنیا میں ریلیز کردی گئی ہے تاہم ریلیز سے قبل ہی فلم کو ایک بڑا دھچکا اس وقت لگا جب ’’سنجو‘‘ آن لائن لیک ہوگئی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ’’سنجو‘‘ کا اہم سین کاٹنے کا حکم

میڈیا رپورٹس کے مطابق بہت سے سوشل میڈیا صارفین فلم کے ٹورینٹ ڈاؤن لوڈ لنک کے اسکرین شوٹس شیئر کررہے ہیں۔ جب کہ ٹوئٹر صارفین کا کہنا ہے کہ فلم کا ایچ ڈی پرنٹ لیک ہوچکا ہے۔

دوسری جانب رنبیر اور سنجے دت کے پرستاروں نے سوشل میڈیا پر تمام لوگوں سے درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ پائریسی (چوری)  کو بڑھاوا نہ دیں اور فلم کوسینما گھروں میں جاکر دیکھیں۔ کچھ لوگوں نے ’’سنجو لیکڈ‘‘ کا ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ فلم کا ٹورینٹ لنک شیئر نہ کریں اور پائریسی کو ہاں نہ کہیں۔

کچھ لوگوں نے کہا سنٹرل بورڈ آف فلم سنسر(سی بی ایف سی) نے فلم کے ٹوائلٹ والے سین پر ایکشن لیا لیکن کسی کو بھی فلم کی آن لائن لیک پر کوئی اعتراض نہیں، کیوں؟

کچھ صارفین نے تو یہاں تک کہہ دیا کہ فلم کی آن لائن لیک کی خبریں سلمان خان کے مداحوں نے اڑائی ہیں۔

واضح رہے کہ فلم آج بھارت سمیت دنیا بھر میں ریلیز کی جارہی ہے لہٰذا ریلیز سے قبل فلم کا لیک ہونا فلم کے بزنس پر اثر انداز ہوگا اور فلم کو کروڑوں کا نقصان ہوسکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔